ٹرمپ کو دھمکی: سابق ایف بی آئی ڈائریکٹر پر فردِ جرم عائد

0 minutes, 0 seconds Read

امریکی محکمہ انصاف نے سابق ایف بی آئی ڈائریکٹر جیمز کومی پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مبینہ دھمکی دینے کے الزام میں فردِ جرم عائد کر دی ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق سابق ایف بی آئی ڈائریکٹر جیمز کومی کیخلاف کارروائی ساحل پر سیپیوں سے بنے اعداد “86 47” کی پوسٹ پر کی گئی ہے۔

ناقدین کا دعویٰ ہے کہ امریکی سلیگ میں ’’86‘‘ کا مطلب ’’ختم کرنا‘‘ لیا جاتا ہے جبکہ ’’47‘‘ سے مراد امریکا کے 47ویں صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہیں۔

رپورٹس کے مطابق ہوم لینڈ سیکیورٹی حکام نے اس پوسٹ کو صدر کے’’قتل کی ترغیب‘‘ قرار دیتے ہوئے معاملہ امریکی سیکریٹ سروس کے حوالے کیا، جس کے بعد باضابطہ تحقیقات کی گئیں۔

اس پوسٹ کے سامنے آنے کے بعد ریپبلکن رہنماؤں اور ٹرمپ انتظامیہ کے عہدیداروں نے شدید ردعمل دیا تھا۔ اُس وقت کی ہوم لینڈ سیکیورٹی سیکریٹری کرسٹی نوئم نے اعلان کیا تھا کہ معاملے کی تحقیقات سیکریٹ سروس کرے گی کیونکہ یہ صدر کے خلاف ممکنہ خطرے کی نشاندہی کرتا ہے۔

ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس تلسی گیبرڈ نے بھی سخت ردعمل دیتے ہوئے جیمز کومی کو جیل بھیجنے کا مطالبہ کیا تھا۔ تنقید بڑھنے پر جیمز کومی نے مذکورہ پوسٹ حذف کر دی اور وضاحت دی کہ انہیں اندازہ نہیں تھا کہ ان نمبروں کو تشدد سے جوڑا جا سکتا ہے، اور وہ ہر قسم کے تشدد کے خلاف ہیں۔

قانونی ماہرین کے مطابق امریکا میں اظہارِ رائے کی آزادی کے قوانین کے تحت اس نوعیت کے مقدمات کو ثابت کرنا مشکل ہوتا ہے، اس لیے یہ کیس عدالت میں کمزور پڑ سکتا ہے۔

یہ مقدمہ جیمز کومی اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان طویل عرصے سے جاری کشیدگی کے تناظر میں بھی دیکھا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ 2017 میں صدر ٹرمپ نے روسی مداخلت کی تحقیقات کے دوران جیمز کومی کو ایف بی آئی کی سربراہی سے برطرف کر دیا تھا، جس کے بعد سے دونوں کے تعلقات کشیدہ رہے ہیں اور کومی ٹرمپ کے ناقدین میں شامل رہے ہیں۔

Similar Posts