بھارتی ظالمانہ اقدامات کے خلاف مقبوضہ کشمیر میں آج مکمل ہڑتال

0 minutes, 0 seconds Read

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کے ظالمانہ اقدامات کے خلاف آج مکمل ہڑتال کی جا رہی ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی جانب سے دی گئی ہڑتال کی کال پر وادی کے مختلف علاقوں میں کاروباری مراکز بند ہیں اور ٹرانسپورٹ معطل ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہڑتال بھارت کے متنازع وقف ترمیمی قانون اور مقبوضہ علاقے میں غیرمقامی افراد کو ڈومیسائل جاری کرنے کے خلاف بطور احتجاج کی جا رہی ہے۔ حریت کانفرنس نے جامع مسجد سرینگر اور درگاہ حضرت بل کی طرف احتجاجی مارچ کا بھی اعلان کیا ہے۔

ترجمان حریت کانفرنس نے الزام عائد کیا ہے کہ بھارت فالس فلیگ آپریشن کے ذریعے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو بدنام کرنے کی سازش کر رہا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کی اقوام متحدہ کی قراردادوں اور سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزیوں کا سختی سے نوٹس لے اور اس کا محاسبہ کرے۔

واضح رہے کہ مقبوضہ وادی میں پہلے ہی سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے اور بھارتی فورسز کی بھاری نفری تعینات ہے، تاہم کشمیری عوام کی جانب سے پُرامن احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔

Similar Posts