سینیٹ میں پاکستان کے خلاف بھارتی اقدامات سے متعلق مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظورکر لی گئی۔ قرارداد کے مطابق پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے، بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑجواب دیا جائے گا، بھارت کے تمام الزامات مسترد کرتے ہیں۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ کسی نے بھی پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھا تو وہ جان لے کہ ہم پوری طرح تیار ہیں، پانی بند کرنا جنگ کے مترادف ہوگا۔ شبلی فراز نے کہا کہ سینیٹ سے قرارداد منظور کر کے دشمنوں کو واضح پیغام دیا گیا ہے۔
بھارت کے خلاف سینیٹ میں قرارداد منظور
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت سینیٹ اجلاس کی معمول کی کارروائی معطل کی گئی۔
سینیٹ اجلاس کی کارروائی کے دوران پاکستان کے خلاف بھارتی اقدامات سے متعلق قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی، سینیٹ میں قرارداد نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پیش کی۔
قرارداد میں کہا گیا کہ پاکستان ہرقسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے، بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑجواب دیا جائے گا، بھارت کے تمام الزامات مسترد کرتے ہیں۔
قرارداد کے مطابق پاکستان سمیت دنیا بھر میں بھارتی دہشت گردی کا احتساب کیا جائے، بھارتی حکومت بدنیتی پر مہم چلا رہی ہے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا اظہار خیال
سینیٹ اجلاس کے دوران نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 22 اپریل کو پہلگام کا واقعہ ہوتا ہے، وزیراعظم شہباز شریف ترکیہ کے دورے پر تھے، قوم نے ہمیشہ ہر مشکل وقت میں ساتھ دیا ہے، پہلگام واقعے پر پاکستان کو مورد الزام ٹھہرانا افسوسناک ہے، پہلگام میں سیاحوں کی ہلاک پر ہمیں تشویش ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت کی طرف سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کو یکسرمسترد کرتے ہیں، سندھ طاس معاہدہ پاکستان کے 24 کروڑعوام کی لائف لائن ہے، واہگہ بارڈر کو فوری طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے کہا کہ واہگہ بارڈر کو فوری طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا، سارک اسکیم کے تحت پاکستان میں موجود بھارتیوں کے ویزے منسوخ کردیے ہیں، ویزہ معطلی کے فیصلے کا اطلاق سکھ یاتریوں پر نہیں ہوگا، اٹاری بارڈر بند کرنے پر پاکستان نےجوابی طور پر واہگہ بارڈر کو بند کیا۔
سینیٹ میں اسحاق ڈار نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی ہائی کمیشن میں موجود دفاعی اتاشیوں کو ناپسندیدہ قرار دیا ہے، بھارتی ہائی کمیشن کے عملے کی تعداد کم کر کے 30 کرنے کا فیصلہ ہوا، پاکستان کی فضائی حدود بھارتی پروازوں کیلئے بند کر دی گئی ہے۔
انھوں نے کہا کہ قومی سلامتی نے کہا پانی بند کرنا جنگ کے مترادف ہوگا۔ پیش گوئیاں بھی کی جا رہی ہیں کہ مستقبل کی جنگیں پانی پر ہوں گی۔ ہم نے بھارت سے تمام تجارت معطل کر دی ہیں، گزشتہ روز 26 ممالک کے سفیروں کو دفترخارجہ میں بریفنگ دی گئی، کسی نے بھی پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھا تو وہ جان لے کہ ہم پوری طرح تیار ہیں۔
اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ بہتر ہوگا کہ پاکستان کے خلاف مہم جوئی کی غلطی نہ دہرائی جائے، اگر بھارت پیچھےنہ ہٹا تو ہم دوسرے طرفہ معاہدوں کو یکطرفہ طور پر ختم کرنے پرغور کریں گے، بھارت کی ہٹ دھرمی کے باعث سارک تنظیم غیر فعال ہے، افغانستان کا ایک روزہ دورہ کیا، وہاں کی قیادت سے تفصیلی بات چیت ہوئی۔
قائد حزب اختلاف شبلی فراز کا اظہارِ خیال
سینیٹ اجلاس میں پی ٹی آئی کے قائدِ حزبِ اختلاف شبلی فراز نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ہمیشہ تاک میں رہا کہ پاکستان کو کیسے نقصان پہنچایا جائے، سینیٹ سے قرارداد منظور کر کے دشمنوں کو واضح پیغام دیا گیا ہے، بھارت نے پہلے دن سے ہمارے وجود کو نہیں مانا ہے۔
شبلی فراز نے کہا کہ پاکستان کو بدنام کرنے کی بھارت کی خواہش پوری نہیں ہوئی، بھارت نے ہر بین الاقوامی فورم پر ہماری مخالفت کی، بھارت اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہ ہو سکا، بھارت کی کوشش رہی پاکستان میں دہشت گردوں کو سپورٹ کیا جائے۔
قائدِ حزبِ اختلاف نے کہا کہ کلبھوشن یادیو بھارت کی دہشت گردی کی کھلی مثال ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظالم ڈھا رہا ہے، ہمارے ملک میں ہر الیکشن متنازع رہا ہے، متنازع الیکشن کی انتہا 2024 میں دیکھی، 2024 کے الیکشن کو سب سے زیادہ متنازع سمجھا جاتا ہے، کبھی نہیں سنا بھارت میں الیکشن پر الزام لگا ہو کہ وہاں دھاندلی ہوئی۔