پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی ناکامی سے بھارتی فضائیہ بھی بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی، بھارتی فضائیہ اپنے ہی عوام کی دشمن بن گئی اور اس کے لڑاکا طیارے نے اپنی ہی آبادی پر بم گرا دیا۔
ذرائع کے مطابق واقعہ بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے علاقے شیوپوری میں پیش آیا، بم گرنے سے آبادی اور املاک کو شدید نقصان پہنچا، بم گرنے سے متعدد مکانات تباہ ہوگئے جبکہ ہلاکتوں کی بھی اطلاعات ہیں۔
دفاعی ماہرین کے مطابق واقعہ بھارتی فضائیہ کی غیر ذمہ داری اور بوکھلاہٹ کو ظاہر کرتا ہے، اس سے قبل بھی بھارتی فضائیہ لڑاکا طیاروں کے حادثے معمول کا حصہ ہیں، اکثر حادثات میں بھارتی فضائیہ کے لڑاکا طیارے آبادی پر گرچکے ہیں۔
دفاعی ماہرین کے مطابق پے در پے جدید طیاروں، پے لوڈ اور بموں کا گرنا بھارتی فضائیہ کی دفاعی صلاحیت پر گہرا سوالیہ نشان ہے، بھارتی فضائیہ جدید ٹیکنالوجی میں ناکامی کے ساتھ ساتھ پائلٹوں کی تربیت میں بھی ناکام ہے۔
واضح رہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے مسلم اکثریتی علاقے پہلگام میں 22 اپریل کو 26 سیاحوں کی ہلاکت کے بعد 23 اپریل کو سندھ طاس معاہدہ فوری طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔
بھارت نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کو جواز بناتے ہوئے پاکستانی شہریوں کو 48 گھنٹے میں بھارت چھوڑنے کا حکم دیا تھا، جبکہ واہگہ بارڈرکی بندش اور اسلام باد میں بھارتی ہائی کمیشن میں تعینات اپنے ملٹری اتاشی کو وطن واپس بلانے کے علاوہ پاکستان میں تعینات سفارتی عملے کی تعداد میں بھی کمی کردی تھی۔
بعد ازاں، اگلے روز (24 اپریل) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے اقدام کو مسترد کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کا پانی روکنا اعلان جنگ تصور کیا جائے گا اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں بھارت سے تجارت اور واہگہ بارڈر کی بندش کرنے کا فیصلہ کیا، علاوہ ازیں بھارتی ایئرلائنز کے لیے پاکستانی فضائی حدود بھی بند کردی گئی، اور بھارتی شہریوں کو 48 گھنٹے میں پاکستان چھوڑ دینے کا حکم دیا گیا تھا۔