کراچی میں 6 منزلہ عمارت گرنے سے 3 افراد جاں بحق، مزید لوگوں کے دبے ہونے کا خدشہ
کراچی کے علاقے بلوچ کالونی کے قریب ایڈمن سوسائٹی میں زیر تعمیر 6 منزلہ عمارت منہدم ہو گئی، جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جب کہ 10 زخمی ہو گئے ہیں جب کہ عمارت کے ملبے میں مزید افراد کے موجود ہونے کا خدشہ ہے، جہاں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق یہ واقعہ بلوچ کالونی میں شاہراہ فیصل کے قریب ایڈمن سوسائٹی میں پیش آیا، جس کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی سرگرمیاں شروع کر دیں۔
ریسکیو حکام نے حادثے کے مقام سے پہلے ایک لاش اور 10 زخمیوں کو نکال کر اسپتال منتقل کرنے کی تصدیق کی تھی اور متعدد افراد کے ملبے تلے پھنسے ہونا کا خدشہ ظاہر کیا تھا، حکام کے مطابق عمارت میں 40 سے 50 مزدور کام کر رہے تھے۔
کچھ دیر قبل ملبے سے ایک اور لاش نکالنے کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد واقعے میں جاں بحق افراد کی تعداد 3 ہوگئی ہے۔
عمارت غیر قانونی تھی، رہائشی پلاٹ پر کمرشل 6 منزلیں تعمیر کی جا رہی تھیں: ایس بی سی اے
دوسری جانب سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے انکشاف کیا ہے کہ کراچی میں منہدم ہونے والی متاثرہ عمارت مکمل طور پر غیر قانونی تھی، جسے رہائشی پلاٹ پر ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کمرشل مقاصد کے لیے تعمیر کیا گیا تھا۔
ایس بی سی اے حکام کے مطابق متعلقہ رہائشی پلاٹ پر صرف گراؤنڈ پلس ٹو یعنی زمینی منزل کے علاوہ 2 مزید منزلوں کی تعمیر کی اجازت ہوتی ہے، تاہم بلڈر نے کسی باضابطہ منظوری کے بغیر گراؤنڈ پلس فائیو عمارت کھڑی کر دی تھی اور حادثے کے وقت اس پر چھٹی منزل کی تعمیر بھی جاری تھی۔
ایس بی سی اے کے عہدیدار راشد ناریجو نے بتایا کہ بلڈر کی جانب سے عدالتی حکم امتناع یعنی اسٹے آرڈر کی آڑ میں تعمیراتی کام جاری رکھا گیا تھا۔
اتھارٹی کا مؤقف ہے کہ عدالتی احکامات کی موجودگی کے باعث حکام کارروائی کرنے سے گریزاں تھے۔
ایس بی سی اے حکام نے واضح کیا کہ قانونی طور پر اسٹے آرڈر کے تحت بلڈر کسی بھی قسم کی نئی تعمیرات نہیں کر سکتا، تاہم اس معاملے میں بلڈر کی جانب سے عدالتی احکامات کی صریح خلاف ورزی کرتے ہوئے تعمیرات کا سلسلہ جاری رکھا گیا۔
حکام کے مطابق غیر قانونی تعمیرات اور عدالتی احکامات کی خلاف ورزی سے متعلق تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا نوٹس، تحقیقات اور امدادی کارروائیاں تیز کرنے کا حکم
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی کے علاقے ایڈمنسٹریٹو سوسائٹی میں عمارت گرنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری جائے وقوعہ پر پہنچنے، امدادی کارروائیاں تیز کرنے اور واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرنے کا حکم دیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور پولیس باہمی رابطے کے ساتھ امدادی آپریشن مکمل کریں اور ملبے تلے دبے ممکنہ افراد کو نکالنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
انہوں نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے، قریبی اسپتالوں میں ہنگامی انتظامات یقینی بنانے اور اسپتالوں کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کے علاج معالجے میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔
سید مراد علی شاہ نے قریبی عمارتوں کے فوری حفاظتی معائنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ عمارت کے ملبے اور اطراف میں موجود ممکنہ خطرات کا جائزہ لے کر شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو عمارت کا نقشہ جانچنے، تعمیراتی معیار اور ممکنہ غفلت کا جائزہ لینے اور عمارت گرنے کی وجوہات کا تعین کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ غفلت یا غیر قانونی تعمیر کی صورت میں ذمہ داروں کا تعین کیا جائے جبکہ متعلقہ ادارے مخدوش عمارتوں کے حوالے سے بھی حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنر کراچی کو امدادی کارروائیوں کی مسلسل نگرانی کرنے کی ہدایت کی، جبکہ واقعے کی تفصیلی رپورٹ بھی طلب کر لی گئی ہے جس کی روشنی میں ذمہ داران کے خلاف مزید کارروائی اور حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔