بھارت اور برطانیہ کے درمیان سرمایہ کاری معاہدے پر مذاکرات معطل

ٹیکس اور بین الاقوامی ثالثی یعنی فریقین کے درمیان تنازعات کے غیر جانبدار فیصلے کے طریقہ کار سے متعلق اختلافات کے باعث بھارت اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ سرمایہ کاری معاہدے پر ہونے والے مذاکرات تعطل کا شکار ہو گئے ہیں اور مستقبل قریب میں کسی معاہدے کے جلد طے پانے کا امکان نظر نہیں آتا۔

برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق دو اعلیٰ بھارتی سرکاری حکام نے بتایا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کی رفتار سست پڑ گئی ہے اور بھارت قریبی مستقبل میں اس معاہدے کو تیزی سے آگے بڑھانے کا ارادہ نہیں رکھتا۔

دوسری جانب برطانوی حکومت کے ترجمان نے کہا ہے کہ برطانیہ بھارت کے ساتھ بات چیت جاری رکھنے کے لیے تیار ہے، تاہم کسی معاہدے پر دستخط اسی صورت میں کیے جائیں گے جب وہ برطانوی کاروباری اداروں کے مفاد میں ہوگا۔

یہی اختلافات اس امر کا سبب بنے تھے کہ دوطرفہ سرمایہ کاری معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے آزاد تجارتی معاہدے کے ساتھ مکمل نہیں ہو سکا تھا، جبکہ آزاد تجارتی معاہدہ 15 جولائی کو نافذ العمل ہو چکا ہے۔

ٹیکس اور بین الاقوامی ثالثی کے نکات پر فریقین کے مؤقف میں ہم آہنگی پیدا نہ ہونے کے باعث سرمایہ کاری معاہدے کا عمل غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے، تاہم دونوں جانب سے باضابطہ طور پر کسی نئے مذاکراتی دور یا پیش رفت کا شیڈول سامنے نہیں آیا۔

Related posts