دبئی کے رہائشی کرایوں میں کمی، نئے کرایہ داروں کو بڑا ریلیف

دبئی میں کرایوں میں کمی کے رجحان کے باعث نئے کرایہ داروں کو گزشتہ سال کے مقابلے میں کم کرائے پر گھر مل رہے ہیں۔ بعض معروف علاقوں میں نئے معاہدوں کے تحت کرایوں میں 15 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

گلف نیوز کے مطابق دبئی میں کرایوں کے رجحانات پر جاری ہونے والی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ نئے کرایہ داروں نے گزشتہ سال کے مقابلے میں اوسطاً 9 فیصد کم کرایہ ادا کیا، جبکہ بعض معروف علاقوں میں کرایوں میں 15 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی۔

فیم پراپرٹیز کی رپورٹ کے مطابق، اگست سے اکتوبر 2026 کے دوران نئے کرایہ داروں نے گزشتہ سال کے مقابلے میں اوسطاً 9 فیصد کم کرایہ ادا کیا۔ اس عرصے میں تقریباً 73 فیصد نئے معاہدے گزشتہ سال سے کم کرائے پر کیے گئے۔

یہ رجحان سال کے دوران مزید واضح ہوا۔ جنوری سے مارچ کے دوران صرف 24 فیصد نئے معاہدے گزشتہ سال سے کم کرائے پر ہوئے تھے، جبکہ اگست سے اکتوبر کے دوران یہ شرح 73 فیصد تک پہنچ گئی۔

دوسری جانب، پہلے سے رہائش پذیر افراد کی جانب سے معاہدوں کی تجدید میں اضافہ نسبتاً کم رہا۔ جے ایل ایل کے مطابق، گزشتہ سال کے مقابلے میں تجدید شدہ معاہدوں کی تعداد میں 2.4 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ گزشتہ سہ ماہی کے مقابلے میں یہ شرح 8.3 فیصد رہی۔ رپورٹ کے مطابق، کرایوں میں کمی نے لوگوں کو کم کرائے والے گھروں میں منتقل ہونے کی طرف راغب کیا ہے۔

جے ایل ایل کی تیسری سہ ماہی 2026 کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جولائی سے ستمبر کے دوران نئے کرایہ داری کے معاہدوں کی رجسٹریشن گزشتہ سہ ماہی کے مقابلے میں 48.6 فیصد بڑھی۔ اس اضافے کی ایک بڑی وجہ تعلیمی سال شروع ہونے سے پہلے گھروں کی بڑھتی ہوئی طلب تھی۔

ستمبر 2026 تک کے ایک سال میں دبئی کے بعض علاقوں کے اوسط کرایوں میں 5.2 فیصد کمی ہوئی۔ اپارٹمنٹس کے کرائے 5.3 فیصد جبکہ ولاز کے کرائے 3 فیصد کم ہوئے۔

دبئی کے کن علاقوں میں کرایوں میں زیادہ کمی آئی؟

دبئی کے معروف اور مہنگے رہائشی علاقوں میں کرایوں میں سب سے زیادہ کمی دیکھی گئی۔ ڈاؤن ٹاؤن دبئی میں کرائے 15 فیصد، بزنس بے میں 14.6 فیصد اور دبئی مرینا میں 13.6 فیصد کم ہوئے۔

جمیرا لیک ٹاورز میں کرایوں میں 11.2 فیصد جبکہ جمیرا ولیج سرکل میں 11.1 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

اس کے برعکس، نسبتاً سستے رہائشی علاقوں میں کمی کی شرح کم رہی۔ دبئی اسپورٹس سٹی میں کرائے 6 فیصد، دبئی پروڈکشن سٹی میں 5.7 فیصد اور ڈسکوری گارڈنز میں 4.7 فیصد کم ہوئے۔ انٹرنیشنل سٹی میں کرایوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، جبکہ وہاں 46 فیصد نئے معاہدے گزشتہ سال سے زیادہ کرائے پر کیے گئے۔

فیم پراپرٹیز کے چیف ایگزیکٹو افسر فیراس المسدی کے مطابق، دبئی کی پراپرٹی مارکیٹ میں مختلف علاقوں کے رجحانات ایک جیسے نہیں، اس لیے صرف مجموعی اوسط کرایوں سے پوری مارکیٹ کی صورت حال کا اندازہ نہیں لگایا جا سکتا۔ ان کے مطابق، 2027 کے دوران بھی مارکیٹ میں تبدیلیاں جاری رہنے کی توقع ہے۔

ابوظہبی میں صورت حال مختلف

دبئی کے برعکس ابوظبی میں کرایہ داری کے معاہدوں کی تجدید کا رجحان زیادہ مضبوط ہے۔ جے ایل ایل کی رپورٹ کے مطابق، وہاں کرایوں کو منجمد رکھنے کے ضابطے کے باعث کرایہ داروں کے لیے موجودہ معاہدوں کی تجدید زیادہ آسان انتخاب بن گئی ہے۔

اس کے نتیجے میں گزشتہ سہ ماہی کے مقابلے میں تجدید شدہ معاہدوں کی تعداد 29.1 فیصد بڑھی، جبکہ نئے معاہدوں میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 18.5 فیصد کمی ہوئی۔

ابوظہبی کے بعض علاقوں میں کرائے اب بھی بڑھ رہے ہیں، تاہم اضافے کی رفتار سست ہوگئی ہے۔ 2026 کی تیسری سہ ماہی تک کے ایک سال میں اپارٹمنٹس کے کرایوں میں 4 فیصد جبکہ ولاز کے کرایوں میں 0.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

Related posts