سیما حیدر کو بے دخل نہ کریں، راکھی ساونت کی دہائی

0 minutes, 1 second Read

بھارتی اداکارہ راکھی ساونت نے مطالبہ کیا ہے کہ اپنے محبوب کی خاطر پاکستان سے بھارت آنے والی سیما حیدر کو واپس پاکستان نہیں بھیجا جانا چاہیے کیونکہ اب وہ بھارتی بہو بن چکی ہیں اور ایک ہندوستانی مرد کے بچے کو جنم دے چکی ہیں۔

راکھی ساونت نے انسٹاگرام پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے سیما حیدر کی حمایت میں بیان جاری کیا اور کہا کہ ہمیں ایسا ظلم نہیں کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سیما پہلے پاکستانی شہری تھیں لیکن اب انہوں نے ایک بھارتی شہری سے شادی کی ہے اور ان کے ہاں بچی کی ولادت بھی ہو چکی ہے۔

راکھی ساونت نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر سیما نے بچی کو جنم نہ دیا ہوتا تو شاید معاملہ مختلف ہوتا لیکن اب جب کہ وہ ایک ہندوستانی بچی کی ماں بن چکی ہیں تو انہیں ملک بدر کرنا سراسر زیادتی ہو گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیما حیدر مسلمان تھیں مگر اب وہ ہندو مذہب قبول کر چکی ہیں اور بھارتی نوجوان سچن کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہو چکی ہیں۔

راکھی ساونت کا کہنا تھا کہ سیما کوئی فٹبال نہیں ہیں جسے ٹھوکر مار کر باہر نکال دیا جائے، وہ ایک عورت ہیں اور ان کے ساتھ انسانی ہمدردی کا برتاؤ ہونا چاہیے۔

واضح رہے کہ سیما حیدر 2023 میں پاکستان سے نیپال کے راستے بھارت پہنچی تھیں اور اتر پردیش کے رہائشی نوجوان سچن سے شادی کرکے رواں برس ایک بیٹی کی ماں بنی ہیں۔

سیما کا تعلق صوبہ سندھ سے ہے جہاں وہ پہلے سے شادی شدہ تھیں اور اپنے چار بچوں کے ہمراہ بھارت پہنچی تھیں۔

حال ہی میں مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے حملے کے بعد بھارتی حکومت نے تمام پاکستانیوں کو تین دن کے اندر ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا اور ان کے ویزے منسوخ کر دیے تھے۔

ان اقدامات کے باعث سیما حیدر کی بھارت سے ملک بدری کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے جس کے پیش نظر راکھی ساونت نے ان کے حق میں اپیل کی ہے کہ انہیں بھارت میں ہی رہنے دیا جائے۔

Similar Posts