اسلام آباد کی مقامی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشری بی بی کیخلاف 26 نومبر احتجاج کے کیس میں بشری بی بی کی عبوری ضمانت میں 15 اپریل تک توسیع کر دی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں درخواست ضمانت کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج عامرضیا نے کی جبکہ بشریٰ بی بی کیجانب سے حاضری سے استثنیٰ اور شامل تفتیش کرنے کی درخواست دائر کی گئی۔
وکیل انصرکیانی نے مؤقف اپنایا کہ بشریٰ بی بی شامل تفتیش ہونا چاہتی ہیں، تفتیشی کو ہدایت کی جائے کہ وہ بشریٰ بی بی کو شامل تفتیش کریں۔
اس کے ساتھ ہی عدالت نے عبوری ضمانت میں 15 اپریل تک توسیع کردی۔ بشریٰ بی بی کیخلاف دفعہ 144 کی خلاف ورزی و دیگر دفعات کے تحت تھانہ رمنا میں مقدمہ درج ہے۔
9 مئی کے مقدمات کی سماعت
راولپنڈی میں انسداد دہشتگردی عدالت میں 9 مئی کے مقدمات کی سماعت ہوئی۔ سابق وزیرداخلہ شیخ رشید اورعثمان ڈار سمیت سیکڑوں ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے سماعت بغیر کسی کارروائی کے 12 اپریل تک ملتوی کر دی۔