وزیراعظم شہباز شریف کا اعلان ہوا میں اڑا دیا گیا، 3 ہفتے سے زائد کا وقت گزرنے کے بعد بھی بجلی کی قیمت 7 روپے 41 پیسے فی یونٹ سستی نہ ہوسکی۔
وزیراعظم نے 3 اپریل کو گھریلو صارفین کے لیے بجلی 7 روپے 41 روپے فی یونٹ سستی کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اب تک مجموعی طور پربجلی4.97 روپےفی یونٹ سستی کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کمی ماہانہ، سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس اور پیٹرولیم لیوی کی مد میں کی گئی، ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں بجلی کی قیمت میں 1.36 روپے فی یونٹ کمی کی گئی جبکہ مالی سال کی دوسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی1.90روپے فی یونٹ سستی کی گئی۔
پیٹرولیم لیوی کی مد میں بجلی کی قیمت 1.71 روپے فی یونٹ کم کی گئی۔ بجلی کی تقسیم کارکمپنیاں ڈسکوز مالی سال کی تیسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی درخواست نیپرا میں جمع کراچکی ہیں، ڈسکوزکی درخواست پر نیپرا کل سماعت کرے گا۔
ڈسکوز نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں 51 ارب 93 کروڑ 30 لاکھ روپےکمی کی درخواست کی ہے، تیسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی کتنی سستی ہوگی ؟فیصلہ نیپرا کرے گا۔
ترجمان آئیسکو کے مطابق رواں ماہ کے بلوں میں ریلیف دیاجا رہا ہے۔