نامور پاکستانی اداکار فواد خان کی فلم ’عبیر گلال‘ جسے ان کی بالی ووڈ میں 9 سال بعد واپسی سمجھا جا رہا تھا، پراب بھارت کے بعد پاکستان میں بھی ریلیز کے دروازے بند ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔
فلم پر دونوں ممالک کی جانب سے پابندی کے بعد اس کی عالمی ریلیز بھی غیریقینی صورت حال سے دوچار ہو گئی ہے۔
شاہ رخ خان ’اوینجرز‘ کے شانہ بشانہ لڑنے کو تیار؟ مارول یونیورس میں انٹری کی خبریں
رواں ماہ 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں دہشت گردی کے ایک واقعے میں 26 سیاحوں کی ہلاکت کے بعد بھارت میں پاکستانی فنکاروں پر ایک بار پھر غیر اعلانیہ پابندیاں عائد کی گئیں۔
اس پابندی کی زد میں فواد خان کی فلم عبیر گلال اور اداکارہ ہانیہ عامر کی بالی ووڈ ڈیبیو فلم سردار جی 3 بھی آ گئیں۔
رتیش دیش مکھ کی شوٹنگ میں ڈانسر کی جان چلی گئی
دلچسپ بات یہ ہے کہ عبیر گلال کو ایک انٹرنیشنل پراجیکٹ قرار دیا جا رہا تھا، اور توقع کی جا رہی تھی کہ فلم پاکستان میں بھی ریلیز کی جائے گی۔ تاہم، بھارت میں ریلیز روکنے کے بعد پاکستانی حکام نے بھی غیر رسمی طور پر فلم کی نمائش کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستانی فلمی ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک سے وابستہ معروف ڈسٹری بیوٹر ستیش آنند نے بھارتی میڈیا سے گفتگو میں تصدیق کی کہ فلم اب پاکستان میں ریلیز نہیں کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا: ”فلم میں بھارتی اداکارہ وانی کپور کی موجودگی کی وجہ سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ چونکہ بھارت نے پابندی لگائی، تو یہ پاکستان کی طرف سے جوابی ردعمل ہے۔“
ستیش آنند کے مطابق، اس فیصلے سے پاکستانی فلمی سرکٹ کو بھاری مالی نقصان پہنچا ہے، کیونکہ فلم کی ریلیز کے لیے خاصی تیاری کی جا چکی تھی۔ انہوں نے کہا، ”یہ فلم کے لیے انتہائی برا وقت ثابت ہوا ہے۔“
مزید برآں، فلم کے کچھ گانے جو یوٹیوب پر موجود تھے، انہیں بھی ڈیلیٹ کر دیا گیا ہے، جس سے فلم کی تشہیر پر بھی منفی اثر پڑا ہے۔
فواد خان نے بالی ووڈ میں خوبصورت، کپور اینڈ سنز اور اے دل ہے مشکل جیسی فلموں سے بے پناہ شہرت حاصل کی، مگر 2016 میں اڑی حملے کے بعد بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستانی فنکاروں پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔ اس کے بعد ان کا بھارتی فلمی کیریئر تعطل کا شکار ہو گیا۔
عبیر گلال ان کی بالی ووڈ میں واپسی کا منصوبہ تھا، مگر ایک بار پھر سیاست اور سرحد پار کشیدگی نے فنی تعلقات کو متاثر کر دیا ہے۔