کراچی میں 84 انچ پائپ لائن پھٹنے سے پانی کی فراہمی تاحال متاثر، مرمتی کام جاری

0 minutes, 0 seconds Read

کراچی میں 84 انچ قطر کی پائپ لائن پھٹنے سے تاحال شہر کے بیشترعلاقوں میں پانی کی فراہمی تاحال متاثر ہے۔ جامعہ کراچی کا 60 فیصد علاقہ زیرآب آ گیا ہے۔ رہائشی کالونی کے گھر پانی ہی پانی جبکہ تدریسی عمل غیراعلانیہ طور پرمعطل ہے۔ شہر کے بیشترعلاقوں میں پانی کی فراہمی بھی متاثر ہے۔

سی ای او واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی نے جامعہ کراچی میں پانی کی متاثرہ لائن کا معائنہ کیا۔ ترجمان نے بتایا کہ سی ای او نے مرمتی کام کی رفتار معیار اور ضروری سہولیات کا جائزہ لیا۔ سی ای او نے متعلقہ افسران کو کام مقررہ وقت میں مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔

واٹر کارپوریشن کی ٹیم جامعہ کراچی میں پانی کی فراہمی بحال کرنے کے لیے سرگرم ہے، ترجمان کا کہنا ہے کہ سی ای او کو چیف انجینئر ڈبلیو ٹی ایم نے مرمتی کام کے حوالے سے بریفنگ دی، چیف انجینئر نے مرمتی کام مقررہ وقت میں مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

سی ای او واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی نے کہا کہ مرمتی کام مقررہ وقت پر مکمل کرکے پانی کی فراہمی کی بحالی کو یقینی بنایا جائے۔ مرمتی کام میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔

واضح رہے کہ کراچی میں چوراسی انچ قطر کی پائپ لائن پھٹنے سے جامعہ کراچی کا ساٹھ فیصد علاقہ زیر آب آ گیا ہے۔ رہائشی کالونی کے گھر پانی ہی، پانی جبکہ تدریسی عمل غیر اعلانیہ طور پرمعطل ہے۔ شہر کے بیشترعلاقوں میں پانی کی فراہمی بھی متاثر ہے۔ اب تک لاکھوں گیلن پانی ضائع ہو چکا ہے۔

رہائشی کالونی زیر آب آنے کے بعد جامعہ کراچی میں رہائش پذیر افراد اور طلبہ اسکول اور دفاتر کو نہیں جا سکے۔ میئر کراچی کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی روڈ کی پائپ لائن 69 سال پرانی ہے۔ انفراسٹریکچر کو کچھ بھی بہتر نہیں کیا گیا۔ معاملے کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ کراچی کو پانی فراہم کرنے والی 84 انچ قطر کی مرکزی پائپ لائن اس سے قبل بھی کئی مرتبہ پھٹ چکی ہے، رواں سال فروری میں حسن اسکوائر سے جیل چورنگی کے درمیان لائن پھٹنے سے پانی سڑک پر آگیا تھا جبکہ متعدد واٹر ٹینکرز بھی پانی بھرنے کی وجہ سے روڈ پر دھنس گئے تھے۔

Similar Posts