محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں مغربی ہواؤں کے زیر اثر گرد آلود آندھی، گرج چمک اور بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے بتایا ہے کہ یکم مئی سے شدید گرمی کی لہر میں کمی آنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 2 مئی سے 5 مئی کے دوران سندھ کے اضلاع سکھر، میرپور خاص، خیرپور، تھرپارکر، سانگھڑ اور عمرکوٹ، بلوچستان کے ژوب، خضدار، موسیٰ خیل اور بارکھان جبکہ جنوبی پنجاب کے ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور اور بہاولنگر میں گرد آلود آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 30 اپریل کی شام مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو چکا ہے جبکہ یکم مئی سے شمال مشرقی پنجاب میں مرطوب ہوائیں داخل ہونے کی توقع ہے، جس سے بارش کے امکانات بڑھ جائیں گے۔
اس موسمی نظام کے زیر اثر 30 اپریل سے 4 مئی تک کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد/راولپنڈی، خیبر پختونخوا اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
یکم مئی سے ملک کے کن علاقوں میں بارش کا امکان ہے، ایڈوائزری جاری
کراچی کا موسم
ادھر کراچی میں آج بھی گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے، جہاں درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے جبکہ محسوس شدہ درجہ حرارت اس سے بھی زیادہ ہو سکتا ہے۔ شہر میں دوپہر کے وقت تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے اور موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں اور گرمی کے اثرات سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔