کراچی میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں دو افراد جاں بحق جبکہ پولیس اہلکار سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق بہادر آباد امیر خسرو روڈ پر ڈینٹر کی دکان پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوا ڈینٹر اور گاڑی بنوانے والے 3 افراد سے تلخ کلامی ہوئی تھی جو بات ہاتھا پائی تک جا پہنچی۔
پولیس نے بتایا کہ گاڑی بنوانے آئے شہری نے فائرنگ کی جس سے ڈینٹر مختیار چارلی جاں بحق ملازم اقرار زخمی ہوا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ میں ملوث ملزمان بہادر آباد کے ہی رہائشی ہیں، فرار ہونے والے ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
اورنگی ٹاؤن داتا نگر پٹھانی محلے میں تیز دھار آلے کے وار سے نوجوان جاں بحق ہوا ہے، پولیس کے مطابق واقعہ ذاتی جھگڑے کا شاخسانہ ہے مقتول کی شناخت عزیر کے نام سے کی گئی ہے۔
دوسری جانب لانڈھی ریڑھی گوٹھ اسلحہ صاف کرتے ہوئے گولی چلنے سے پولیس اہلکار زخمی ہوا زخمی اہلکار شکیل کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا۔
پنجاب چورنگی دہلی کالونی میں رہائشی عمارت کی لفٹ گرنے سے دو خواتین سمیت تین افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ادھر ایس ایس یو اور اے وی ایل سی پولیس نے مشترکہ کارروائی میں اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کی سرکاری گاڑی چوری کرنے والے گینگ کے چھ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان سے شہر سے چھینی ہوئی دو مزید کاریں اور اسلحہ برآمد ہوا۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان خطرناک اور منظم گینگ کا حصہ ہیں گینگ کراچی سمیت ملک بھر میں چوری و چھینی گئی گاڑیوں کی اسمگلنگ میں ملوث ہے
ایس ایس پی اے وی ایل سی کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اہم انکشافات متوقع ہیں