بھارتی گلوکارہ پاکستانی فنکاروں پر پابندی کے فیصلے پر پھٹ پڑیں

0 minutes, 0 seconds Read

معروف بھارتی گلوکارہ کویتا کرشنا مورتی نے پہلگام میں ہونے والے ہولناک دہشت گردانہ حملے کے تناظر میں پاکستانی فنکاروں کے ہندوستان میں کام کرنے پر پابندی کے حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کردیا۔

بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ موسیقی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا لیکن انہوں نے یہ بھی ذکر کیا کہ ہندوستان میں بھی کافی باصلاحیت فنکار موجود ہیں جنہیں اب موقع ملنا چاہیے۔

زوم کو انٹرویو دیتے ہوئے کویتا کرشنا مورتی کا کہنا تھا کہ مجھے لگتا ہے کہ موسیقی کی کوئی زبان نہیں ہوتیں یہ سب سات سروں کا کھیل ہے اور اگر کوئی فنکار بہت اچھا ہے اور وہ مقبول ہے تو آپ کو ان کی تعریف کرنی ہوگی۔

گلوکارہ کا کہنا تھا کہ ذاتی طور پر میرے لیے موسیقی کا کوئی مذہب نہیں ہے، موسیقی وہ واحد زبان ہے جس کی کوئی سرحد نہیں ہوتی لیکن میں یہاں یہ کہوں گی کہ ہندوستان میں بھی پاکستان کی طرح با صلاحیت گلوکار موجود ہیں آپ ان کو تلاش کرکے اب ہندوستانی فنکاروں کو بھی موقع دیں۔

کویتا نے اپنی رائے دیتے ہوئے کہا کہ ’پاکستانی فنکاروں نے ہندوستان میں بہت گایا ہے اور لوگوں نے انہیں قبول کیا ہے اور میرا خیال ہے کہ یہ سلسلہ جاری رہے گا لیکن مجھے لگتا ہے کہ آپ یقینی طور پر اس پابندی کے بعد اب ان ہندوستانی فنکاروں کو موقع دے سکتے ہیں جو صحیح موقع کے منتظر تھے‘۔

معروف گلوکارہ نے پہلگام میں سیاحوں پر ہونے والے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’اس واقعے نے انہیں اداس، دل شکستہ اور افسردہ کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت میں اس وقت تمام پاکستانی فنکاروں پر تاحکم ثانی ہندوستان میں کام کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے اور کئی فلمی تنظیموں نے بھی اُن ہندوستانی فنکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی اپیل کی ہے جو پاکستانی فنکاروں کے ساتھ تعاون کرتے پائے جائیں گے۔

Similar Posts