طورخم بارڈر سے افغان سیٹیزن کارڈ ہولڈرز اور غیر قانونی تارکین وطن کی واپسی کا عمل جاری ہے۔ محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا کے مطابق گزشتہ روز 379 افغان سیٹیزن کارڈ ہولڈرزاور 864 غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کو طورخم کے راستے وطن واپس بھیجا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق دوسرے مرحلے کے تحت اب تک 32 ہزار 101 اے سی سی کارڈ ہولڈرز اور 19 ہزار 182 غیر قانونی تارکین وطن کو افغانستان روانہ کیا جا چکا ہے۔ اس طرح دوسرے مرحلے میں مجموعی طور پر 51 ہزار 1 افراد کو ملک بدر کیا گیا۔
پاکستان میں غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کا انخلا جاری
اسلام آباد سے 214 افغان کارڈ ہولڈرز اور 2,020 غیر قانونی مقیم افغان باشندے افغانستان بھیجے گئے، جب کہ پنجاب سے 8,167 کارڈ ہولڈرز اور 10,408 غیر قانونی تارکین وطن کو واپس روانہ کیا گیا۔
گلگت بلتستان سے 2، آزاد کشمیر سے 1,165 اور سندھ سے 44 غیر قانونی افغان شہریوں کو وطن بھیجا گیا۔
پاکستان سے کوئی شکایت نہیں، افغان شہری وطن واپسی کی تیاری کریں، افغان قونصل جنرل
محکمہ داخلہ کے مطابق اب تک رضاکارانہ طور پر 22 ہزار 924 افغان کارڈ ہولڈرز وطن واپس جا چکے ہیں جب کہ ستمبر 2023 سے اب تک خیبرپختونخوا کے مختلف سرحدی راستوں سے مجموعی طور پر 5 لاکھ 93 ہزار 352 افغان باشندوں کو افغانستان واپس بھیجا جا چکا ہے۔