تھائی لینڈ میں ہونے والی رینکنگ فائٹ میں پاکستانی باکسر شہیر آفریدی نے روایتی حریف بھارتی باکسر ترجوت سنگھ باوا کو پچھاڑ دیا۔ تیسرے راؤنڈ میں ہی بھارتی باکسر لڑکھڑا گیا، چوتھے راؤنڈ میں ریفری نے بھارتی باکسر کو مزید کھیلنے سے روک دیا۔
تھائی لینڈ میں ہونے والے پاک بھارت رینکنگ باکسنگ مقابلے میں پاکستان کے اُبھرتے ہوئے باکسر شہیر آفریدی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی باکسر ترجوت سنگھ باوا کو چوتھے راؤنڈ میں شکست دے دی۔
بین الاقوامی رینکنگ فائٹ میں دونوں باکسرز نے زور آزمائی کی، مگر شہیر آفریدی ابتدا ہی سے بہتر فارم میں نظر آئے۔ تیسرے راؤنڈ کے اختتام تک بھارتی باکسر لڑکھڑانے لگے تھے اور ان کی دفاعی حکمت عملی ناکام ہوتی دکھائی دی۔
چوتھے راؤنڈ میں شہیر آفریدی کے تابڑ توڑ حملوں کے سامنے ترجوت سنگھ باوا زیادہ دیر ٹھہر نہ سکے، جس کے باعث ریفری نے بھارتی باکسر کو مزید مقابلہ جاری رکھنے سے روک دیا اور پاکستانی باکسر کو فتح کا حقدار قرار دے دیا۔
اس جیت کے بعد شہیر آفریدی کی بین الاقوامی درجہ بندی میں بہتری کا امکان ہے اور یہ فتح پاکستانی باکسنگ کے لیے ایک خوش آئند پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔