کراچی میں مہنگی گاڑی سے کرتب دکھانے والے امیرزادے نے موٹرسائیکل سواروں کچل دیا، موٹرسائیکل سواروں کوکچلنے کی فوٹیج سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر وائرل ہو گئی۔
کراچی میں طارق روڈ پر مہنگی گاڑی سے کرتب دکھانے والے امیرزادے نے موٹرسائیکل سواروں کچل دیا، موٹرسائیکل سواروں کو کچلنے کی فوٹیج سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر وائرل ہوگئی۔
سوشل میڈیا پر وائرل فوٹیج میں سفید رنگ کی مہنگی گاڑی کو کرتب کرتے دیکھا جا سکتا ہے، گاڑی سے زخمی نوجوان دانیال عباسی اسپتال میں زیر علاج ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کے مطابق گاڑی میں دو نوجوان سوار تھے جو کافی دیر تک گاڑی سے کرتب کرتے رہے، اس دوران ایک موٹرسائیکل پر سوار دو نوجوان اس کی زد میں آئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد گاڑی سوار افراد گاڑی سمیت فرار ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی نوجوان کی ٹانگ پر فریکچر اورجسم کے مختلف حصوں پر چوٹیں آئیں جبکہ اس کا ساتھی نوجوان محفوظ رہا۔ حادثے میں زخمی ہونے والے نوجوان کی شناخت دانیال عباسی کے نام سے ہوئی۔
پولیس کے مطابق زخمی نوجوان جناح اسپتال داخل ہے، واقعہ گزشتہ روز پیش آیا تھا۔ واقعے سے متعلق کوئی شکایت درج نہیں ہوئی، متاثرہ شہری کے گھر والوں سے رابطہ کیا، اب تک کوئی قانونی کارروائی نہ ہوسکی۔