وفاقی وزراء کی تنخواہوں میں 140 فیصد سے زائد اضافہ، صدر مملکت نے آرڈیننس جاری کر دیا

0 minutes, 0 seconds Read

حکومت نے وفاقی وزراء اور وزراء مملکت کی تنخواہیں اراکین قومی اسمبلی کے برابر کردی ہیں۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے اس حوالے سے ”تنخواہ، مراعات و استحقاق ایکٹ 1975ء“ میں ترمیم کے لیے باقاعدہ آرڈیننس جاری کر دیا ہے۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق اس آرڈیننس کے تحت وفاقی وزراء اور وزراء مملکت کی بنیادی تنخواہوں میں 140 فیصد سے زائد اضافہ کیا گیا ہے۔ نئے قانون کے تحت اب وفاقی وزراء کی تنخواہ 2 لاکھ 18 ہزار روپے سے بڑھا کر 5 لاکھ 19 ہزار روپے ماہانہ کر دی گئی ہے۔

اس تنخواہ میں اضافے کا اطلاق یکم جنوری 2025 سے کیا گیا ہے، یعنی تمام وفاقی وزراء اور وزراء مملکت کو اضافی تنخواہیں پچھلے مہینوں سے بقایا جات سمیت دی جائیں گی۔

حکومت کے اس اقدام کو مالی مشکلات میں گھرے عوام کے لیے حیران کن قرار دیا جا رہا ہے۔

سیاسی اور عوامی حلقوں میں اس فیصلے پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔ بعض ماہرین کا کہنا ہے کہ مشکل معاشی حالات میں جب مہنگائی سے عوام کی کمر ٹوٹ چکی ہے، حکومتی وزراء کی تنخواہوں میں اس قدر اضافہ عوامی مفادات کے منافی ہے۔

Similar Posts