ملک کے مختلف علاقوں میں برسات کا سلسلہ زوروں پر ہے، کہیں موسلادھار بارش تو کہیں ژالہ باری نے نظامِ زندگی کو متاثر کیا ہے۔ اسلام آباد میں موسلادھار بارش کے بعد جل تھل ایک ہوگیا، کراچی سمیت سندھ بھر میں بھی آج بارشوں کا امکان ہے۔
ضلع جہلم، فیصل آباد، لودھراں، لالیاں، کلورکوٹ اور ملحقہ علاقوں میں موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی، جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ ایبٹ آباد، سوات اور ملاکنڈ میں بارش وقفے وقفے سے جاری ہے جبکہ آزاد کشمیر کے علاقے پلندری میں بھی اچھی بارش دیکھنے میں آئی۔
ادھر راجن پور کی تحصیل جام پور میں پہاڑی علاقے کوہِ سلیمان پر بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے دو سگے بھائی جان کی بازی ہار گئے، واقعے کے بعد علاقے میں فضا سوگوار ہے۔
کرک میں طوفانی بارش اور ژالہ باری سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی، جس کے نتیجے میں دو افراد مویشیوں سمیت بہہ گئے۔ شدید ژالہ باری سے گندم کی تیار فصل کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
بلوچستان کے اضلاع کوہلو، ڈیرہ بگٹی اور گردونواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جس سے نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بالائی علاقوں میں مزید طوفانی بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ پیر کے روز کراچی، سکھر، لاڑکانہ، دادو، شہید بینظیر آباد اور بلوچستان کے مختلف حصوں میں بھی بادل برسنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔