ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سرکاری دورے پر رات گئے اسلام آباد پہنچ گئے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایڈیشنل سیکریٹری خارجہ اسد گیلانی نے ان کا استقبال کیا، اس موقع پر سینئر پاکستانی حکام اور پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر بھی موجود تھے۔
اپنے دورہ پاکستان کے دوران ایرانی وزیر خارجہ کی صدر مملکت، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم سے اہم ملاقاتیں متوقع ہیں۔ دفتر خارجہ کے مطابق ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ، علاقائی صورتحال اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دفتر خارجہ نے بتایا کہ عباس عراقچی اسلام آباد میں اپنے سرکاری دورے کے بعد بھارت روانہ ہوں گے، جہاں وہ مزید علاقائی سفارتی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔