معروف بھارتی اداکار اور سیاستدان پراکاش راج، جنہوں نے سلمان خان کی فلم وانٹڈ میں ولن کا یادگار کردار ادا کیا تھا، نے پاکستانی سپر اسٹار فواد خان کی بالی ووڈ فلم ابیر گلال کی ریلیز پر پابندی کے خلاف آواز بلند کردی ہے۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پراکاش راج نے کہا کہ کسی بھی فلم کو محض اس بنیاد پر نشانہ بنانا کہ اُس میں پاکستانی اداکار شامل ہے، انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے۔
پاک بھارت کشیدگی: عروہ کا نام لئے بنا ہانیہ عامر پر طنز
انہوں نے واضح کیا کہ جب تک کسی فلم میں بچوں کے ساتھ زیادتی، فحاشی یا معاشرے کے لیے نقصان دہ مواد شامل نہ ہو، اس پر پابندی لگانا تخلیقی آزادی پر حملہ ہے۔
پراکاش راج نے مزید کہا کہ اختلافِ رائے کو سننے اور برداشت کرنے کا حوصلہ پیدا کیا جانا چاہیے، نہ کہ فنکاروں کی تخلیقات اور اظہارِ رائے کو دبایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ فن اور سیاست کو الگ رکھنا وقت کی ضرورت ہے۔
بھارت نے صوفی گلوکارہ عابدہ پروین کا انسٹاگرام اکاؤنٹ بھی بند کردیا
یاد رہے کہ فواد خان اور وانی کپور کی فلم ابیر گلال کو بھارت میں تنازع کا سامنا ہے، اور اس کی ریلیز پر پابندی عائد کی جا چکی ہے۔
اس کے علاوہ، بھارتی حکام کی جانب سے فلم سے وابستہ فنکاروں کے انسٹاگرام اکاؤنٹس بھی بند کیے جا رہے ہیں، جس پر فلمی اور ادبی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔