یہ وقت بریفنگ کا نہیں، قوم کو اکٹھا کرنے کا ہے، شیخ وقاص اکرم

0 minutes, 0 seconds Read

شیخ وقاص نے آج نیوز کے پروگرام میں اپنی گفتگو کے دوران حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بریفنگ کے بجائے اے پی سی بلا کر قوم کو اکٹھا کرنا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جیل سے بیٹھ کر بھارت کو للکارا، پی ٹی آئی عمران خان ہی ہے، اور قومی فیصلوں میں ان کی شمولیت ناگزیر ہے۔ بھارت نے دوبارہ غلطی کی، تو پھر جواب بھی ویسا ہی ملے گا۔

پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے آج نیوز کے پروگرام نیوز انسائٹ ود عامر ضیاء میں گفتگو کرتے ہوئے حکومت پر کڑی تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں محض بریفنگ دینا کافی نہیں، حکومت کو چاہیے تھا کہ آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلاتی اور پوری قوم کو یکجا کرتی۔

شیخ وقاص نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی بریفنگ سے زیادہ معلومات تو فاکس نیوز اور دیگر بین الاقوامی ذرائع ابلاغ سے مل جاتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت سنجیدگی سے محروم ہے اور ملکی مسائل کے حل کے لیے درکار قیادت کی اہلیت نہیں رکھتی۔

انہوں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جیل سے بیٹھ کر بھارت کو للکارا، جس کے بعد بھارت کو عمران خان کا سوشل میڈیا اکاؤنٹ تک بین کرنا پڑا۔ انھوں نے سوال اٹھایا کہ کیا بھارت نے شہباز شریف، مریم نواز، زرداری یا بلاول بھٹو کا کوئی اکاؤنٹ بند کیا؟ نہیں، کیونکہ وہ انہیں سنجیدہ ہی نہیں لیتا۔

سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ یہ وہ لوگ ہیں جو مودی کے خلاف پرچی پڑھنے کے بھی قابل نہیں، انھیں بٹھانے والی قوتیں اور ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر مولانا فضل الرحمن نے حکومت پر تنقید کی ہے تو وہ بے وجہ نہیں ہوگی۔ شیخ وقاص نے زور دیا کہ عمران خان ہی پی ٹی آئی کی پہچان ہیں، اور اگر حکومت قومی اتحاد چاہتی ہے تو اسے عمران خان کو بھی ساتھ بٹھانا ہوگا۔

انہوں نے آج نیوز کے پروگرام میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا، ”فالس فلیگ کا ماہر مودی اب راہول گاندھی کو انگیج کر رہا ہے۔ بھارت نے 2019 میں بھی مار کھائی تھی، اگر دوبارہ غلطی کی، تو پھر جواب بھی ویسا ہی ملے گا۔“

Similar Posts