کراچی میں پولیس افسران بھی غیر محفوظ، ڈاکوؤں کا ڈی ایس پی کے گھر پر دھاوا

0 minutes, 0 seconds Read

کراچی میں پولیس افسران کے گھر بھی غیرمحفوظ ہوگئے، ڈاکوؤں نے گلستان جوہر میں ڈی ایس پی کے گھر والوں کو یرغمال بنا کر لوٹ لیا۔ دوسری جانب کراچی میں ایس ایچ او ڈیفنس سمیت پانچ اہلکاروں کے خلاف ان ہی کے تھانے میں پرچہ کٹ گیا۔ پولیس نے چوبیس اپریل کو اسنیپ چیکنگ کے دوران قانون کے طلبا کو مشتبہ جان کر روکا تھا۔ طلبہ اور دیگر وکلاء کے تھانے پہنچنے کے بعد صورتحال خراب ہوئی۔

کراچی میں جرائم پیشہ عناصر اتنے بے خوف ہو چکے ہیں کہ اب پولیس افسران کے گھر بھی محفوظ نہیں رہے۔ گلستان جوہر کی نجی سوسائٹی میں واقع ڈی ایس پی ٹریفک سندھ، کاشف ندیم کے گھر ڈاکو گھس آئے اور اہل خانہ کو یرغمال بنا کر لوٹ مار کی۔

پولیس کے مطابق واردات میں 4 سے 5 ڈاکو شامل تھے جنہوں نے اسلحے کے زور پر گھر والوں کو کنٹرول میں رکھا اور گھر سے نقدی، پانچ تولے سونا اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔

واقعہ بلوچ سوسائٹی میں پیش آیا جہاں ڈی ایس پی کاشف ندیم اپنی رہائش گاہ پر مقیم ہیں۔ اس واردات نے شہر میں سیکیورٹی صورتحال پر ایک بار پھر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔

ایس ایچ او ڈیفنس سمیت پانچ اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج

دوسری جانب کراچی میں ایس ایچ او ڈیفنس سمیت پانچ اہلکاروں کے خلاف ان ہی کے تھانے میں پرچہ کٹ گیا۔ پولیس حکام کے مطابق مقدمہ عدالت کے حکم پر عابد حسین ایڈووکیٹ کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

مقدمے میں اقدام قتل، دھمکی اور شواہد چھپانے کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔ پولیس نے چوبیس اپریل کو اسنیپ چیکنگ کے دوران قانون کے طلبا کو مشتبہ جان کر روکا تھا۔ طلبہ اور دیگر وکلاء کے تھانے پہنچنے کے بعد صورتحال خراب ہوئی۔

جھگڑے میں لا کا ایک طالب علم بھی زخمی ہوا تھا۔ تھانے میں ہنگامہ آرائی پر پولیس کی مدعیت میں پہلے ہی مقدمہ درج کرلیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق تھانے میں لگے کیمروں کی فوٹیج کی مدد سے مزید تفتیش جاری ہے۔

Similar Posts