سیکیورٹی فورسز کی خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں متعدد کامیاب کارروائیاں کے نتیجے میں آٹھ خوارج مارے گئے، سیکیورٹی فورسز نے شمالی اور جنوبی وزیرستان سمیت خیبر اور بنوں میں خوارج کیخلاف کارروائیاں کیں، فائرنگ کے شدید تبادلے میں نائیک مجاہد خان شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ برائے تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، آپریشن کے دوران موثر کارروائی میں تین خوارج مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ جنوبی وزیرستان میں کئے گئے ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں دو خوارج مارے گئے، تاہم آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں کوہاٹ کے 40 سالہ نائیک مجاہد خان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔
دریں اثنا خیبر اور بنوں کے اضلاع میں سیکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان جھڑپوں کے دو مزید واقعات ہوئے، جھڑپوں کے نتیجے میں تین خوارج مارے گئے۔
ہلاک خوارج کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا، ہلاک خوارج علاقے میں سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔
علاقے میں کسی ممکنہ خارجی کے خاتمے کے لیے کلئیرنس آپریشنز بھی کئے گئے، ترجمان کے مطابق سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، بہادر سپاہیوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔