پاک بھارت کشیدگی پر وزارت خارجہ میں غیرملکی سفرا کا اہم اجلاس طلب کرلیا گیا، اجلاس میں غیرملکی سفرا کو بھارتی جارحیت پر بریفنگ دی جائے گی۔
پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں وزارت خارجہ نے اہم سفارتی اقدام اٹھاتے ہوئے غیرملکی سفرا کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے، اجلاس آج شام 6 بجے وزارت خارجہ میں منعقد ہوگا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں غیرملکی سفرا کو بھارت کی حالیہ جارحیت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی جائے گی، بریفنگ میں بھارتی اقدامات کے خطے پر ممکنہ اثرات، پاکستان کے مؤقف اور ردعمل پر روشنی ڈالی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے یہ اقدام عالمی برادری کو اصل صورت حال سے آگاہ کرنے اور بھارتی پروپیگنڈے کا مؤثر جواب دینے کے لیے اٹھایا گیا ہے، پاکستان اپنے مؤقف کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کے لیے سفارتی سطح پر بھرپور کوششیں کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت نے گزشتہ رات، اندھیرے میں پاکستان کے شہری علاقوں پر حملہ کرکے طبل جنگ بجادیا تھا۔
بھارتی حملے کے بعد پاکستان کی مسلح افواج نے بزدلانہ حملے کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے 3 رافیل طیاروں سمیت 5 جنگی طیارے مارے گرائے، جب کہ ایک بریگیڈ ہیڈکوارٹر سمیت متعدد فوجی چیک پوسٹوں کو تباہ کردیا تھا، بھارتی فوج نے ایل اوسی کے چورا کمپلیکس پر سفید جھنڈ الہرا کر شکست تسلیم کرلی تھی۔
وزیراطلاعات عطا اللہ تارڑ نے صبح سویرے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارتی فوج نے سفید جھنڈا لہرا کر شکست تسلیم کرلی ہے، پاک فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر دشمن کی پوسٹوں کو بھاری نقصان پہنچایا گیا ہے، پاکستان کے مؤثر جواب کے بعد بھارت کی متعدد پوسٹیں تباہ ہوئیں جبکہ پاکستان نے بھارت کے 5 لڑاکا طیارے اور ایک ڈرون مار گرایا۔
اس کے علاوہ پاک فوج کی جوابی کارروائیاں تاحال جاری ہیں اور دشمن کو بھاری نقصان پہنچنے کی مسلسل اطلاعات مل رہی ہیں۔