یہ 2001 نہیں کہ کوئی کہہ دے مسلمان دہشتگرد ہیں، اور ہم سن لیں، بلاول بھٹو زرداری

0 minutes, 0 seconds Read

بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ 2001 نہیں کہ کوئی کہہ دے مسلمان دہشت گرد ہیں، اور ہم سن لیں، بھارت نے رات کے اندھیرے میں بچوں کو نشانہ بنایا۔ غیر ملکی نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان حملے کا جواب اپنی مرضی کے مقام اور طریقے سے دے گا۔

قومی اسمبلی اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کے خطاب کے بعد چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی خطاب کیا، انھوں نے کہا کہ بھارت کے بزدلانہ حملے کی مذمت کرتے ہیں، شہدا کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ رات کے اندھیرے میں چور اور بزدل حملے کرتے ہیں، جن میں ہمت ہوتی ہے وہ دن میں مقابلہ کرتے ہیں، بھارت نے رات کے اندھیرے میں بچوں کو نشانہ بنایا، دہشت گردی کے الزامات ہم کب تک سنیں گے۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا کہ یہ 2001 نہیں کہ کوئی کہہ دے مسلمان دہشت گرد ہیں، اورہم سن لیں، 2 ہفتے سے بھارت پاکستان پر جھوٹے الزامات لگا رہا ہے، پاکستان نے غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا، پاکستان سچ کے ساتھ کھڑا ہے، بھارت جھوٹ کے ساتھ کھڑا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارت کو پوری دنیا میں بے نقاب کریں گے، پاک فضائیہ کو سلام پیش کرتا ہوں، پاک فضائیہ نے بھارت کے پانچ طیارے مار گرائے، بھارت فوج تعداد میں زیادہ ہے، مگرجذبے سے عاری ہے، دنیا کو دکھائیں گے، ہم جنگ کے حامی نہیں۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے خطاب میں یہ بھی کہا کہ بھارتی جہاز مچھروں کی طرح گرائے گئے، پھر حملہ ہوا تو بھارت جہاز دوبارہ گرائیں گے، دشمن کا ہر حملہ ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ بھارت کی بھول ہے کہ حملہ پر ہم خاموش بیٹھیں گے۔

بلاول بھٹوزرداری کا غیرملکی نیوزچینل کو انٹرویو

قبل ازیں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹوزرداری نے غیرملکی نیوزچینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ بھارت خطے کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے، پاکستان نے ہمیشہ دہشتگری کی مذمت کی، پاکستان کسی دباؤمیں نہیں جھکے گا۔

بلاول بھٹو زرداری نے انٹرویو میں کہا کہ یہ بھارت کی جانب سے بلااشتعال، جنگی اقدام ہے، بھارت نے تحقیقات کی پیشکش کو ٹھکرا کر شہریوں کو نشانہ بنایا، بھارت کے الزامات میں سچائی ہوتی تو پیشکش کو کیوں مسترد کرتا؟

انھوں نے انٹرویو میں یہ بھی کہا کہ ہم نے اپنے دفاع میں بھارت کے 5 طیارے مارگرائے، پاکستان کو گزشتہ 2 ہفتوں سے بھارتی حکومت کی دھمکیوں کا سامنا ہے، پاکستان یو این چارٹر کے تحت جواب دینے کا حق رکھتا ہے، پاکستان حملے کا جواب اپنی مرضی کے مقام اور طریقے سے دے گا۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت نے بزدلانہ حملے میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا، بھارت کی جانب سے پاکستان کی خود مختاری پر حملہ کیا گیا، بزدلانہ حملے میں شہید افرادکے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کرتا ہوں۔

Similar Posts