ایکواڈور جرمنی کو ہرا کر فیفا ورلڈ کپ 2026 کے ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچ گیا
فیفا ورلڈ کپ 2026 میں ایکواڈور نے اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے گروپ ای کے میچ میں جرمنی کو 1-2 سے شکست دے دی، جبکہ گروپ میں تیسری پوزیشن حاصل کرکے ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ ای کے اہم مقابلے میں ایکواڈور نے جرمنی کو 1-2 سے شکست دے کر ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنا لی۔
گروپ مرحلے کے اختتام پر ایکواڈور نے تیسری پوزیشن حاصل کی، تاہم بہترین تیسری پوزیشن رکھنے والی ٹیموں میں شامل ہونے کی بنیاد پر وہ ناک آؤٹ راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کرنے میں کامیاب رہا۔
دوسری جانب جرمنی کی ٹیم اس شکست کے باوجود پہلے ہی اپنے ابتدائی دو میچز جیت کر ناک آؤٹ مرحلے میں رسائی حاصل کرچکی تھی، اس لیے اس میچ کے نتیجے سے اس کی اگلے مرحلے میں جگہ متاثر نہیں ہوئی۔
ادھر گروپ ای سے آئیوری کوسٹ نے بھی ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ آئیوری کوسٹ نے اپنے آخری گروپ میچ میں کیوراساو کو شکست دے کر گروپ میں دوسری پوزیشن حاصل کی اور اگلے مرحلے میں جگہ یقینی بنالی۔
اُدھر فیفا ورلڈ کپ 2026 میں آسٹریلیا نے گروپ ڈی کے اپنے آخری میچ میں پیراگوئے کے خلاف بغیر کسی گول کے برابر مقابلہ کھیل کر ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنا لی۔
اس نتیجے کے بعد آسٹریلیا نے گروپ میں دوسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے آخری 32 ٹیموں میں رسائی حاصل کرلی، جبکہ پیراگوئے بھی بہترین تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں میں شامل ہونے کی وجہ سے ناک آؤٹ مرحلے تک پہنچنے کے قریب ہے۔
امریکا کے شہر سانتا کلارا میں کھیلے گئے گروپ ڈی کے اہم میچ میں آسٹریلیا اور پیراگوئے کے درمیان سخت مقابلہ ہوا، تاہم دونوں ٹیمیں مقررہ وقت میں کوئی گول نہ کرسکیں اور میچ صفر، صفر سے برابر رہا۔
اس ایک پوائنٹ کی بدولت آسٹریلیا نے گروپ میں دوسری پوزیشن اپنے نام کی اور فیفا ورلڈ کپ 2026 کے ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
آسٹریلیا نے ایونٹ کا آغاز ترکیہ کے خلاف فتح سے کیا تھا، تاہم دوسرے میچ میں اسے امریکا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے باوجود آخری گروپ میچ میں اہم پوائنٹ حاصل کرکے ٹیم نے اگلے مرحلے تک رسائی حاصل کرلی۔
یہ سات ورلڈ کپ شرکتوں میں صرف تیسرا موقع ہے کہ آسٹریلیا گروپ مرحلہ عبور کرکے ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچا ہے، جو ٹیم کے لیے ایک اہم کامیابی تصور کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب پیراگوئے اگرچہ گروپ میں دوسری پوزیشن حاصل نہ کرسکا، تاہم صفر، صفر کے اس ڈرا کے بعد وہ بہترین تیسری پوزیشن رکھنے والی آٹھ ٹیموں میں شامل ہونے کی مضبوط پوزیشن میں آگیا ہے، جس کے باعث اس کی ناک آؤٹ مرحلے میں رسائی کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔
ادھر امریکا گروپ ڈی میں پہلے ہی سرفہرست ٹیم کے طور پر ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرچکا تھا۔ اگرچہ اسے لاس اینجلس میں کھیلے گئے اپنے آخری گروپ میچ میں ترکیہ کے ہاتھوں 3-2 سے شکست ہوئی، تاہم اس کے باوجود وہ گروپ کی پہلی پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہا۔