غیر ملکی خبر رساں ادارے سی این این کے مطابق پاکستان نے بھارتی طیارہ مار گرایا، فرانس کے بعد امریکا نے بھی تصدیق کر دی۔
پاکستان کی جانب سے بھارتی فضائیہ کا طیارہ مار گرائے جانے کی فرانس کے بعد ایک سینئر امریکی اہلکار نے بھی اس بات کی توثیق کی ہے کہ یہ کارروائی پاکستانی افواج کی جانب سے کی گئی۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو فراہم کردہ تازہ ترین انٹیلیجنس جائزے کے مطابق، پاکستانی افواج نے بھارت کے فضائی حملوں کے دوران ایک بھارتی جنگی طیارہ مار گرایا۔ امریکی حکام نے اگرچہ یہ واضح نہیں کیا کہ اس کارروائی میں کون سا ہتھیار یا دفاعی نظام استعمال ہوا، تاہم اس واقعے کو خطے میں جاری کشیدگی میں ایک ”اہم موڑ“ قرار دیا جا رہا ہے۔
پاکستان کی جانب سے گزشتہ روز دعویٰ کیا گیا تھا کہ اس نے بھارت کے بلااشتعال فضائی حملوں کے جواب میں پانچ بھارتی جنگی طیارے تباہ کیے، جن میں تین جدید فرانسیسی ساختہ رافیل طیارے بھی شامل تھے۔ بھارت نے اس دعوے پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل ظاہر نہیں کیا۔
قبل ازیں ایک اعلیٰ فرانسیسی انٹیلیجنس اہلکار نے سی این این سے گفتگو میں اس بات کی تصدیق کی کہ بھارتی فضائیہ کا کم از کم ایک رافیل طیارہ پاکستانی کارروائی میں تباہ ہوا ہے، جو اس جدید جنگی طیارے کی تاریخ میں پہلا جنگی نقصان شمار کیا جا رہا ہے۔
فرانسیسی اہلکار کے مطابق، پیرس میں حکام اس امر کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ آیا پاکستان نے ایک سے زیادہ رافیل طیارے مار گرائے۔ سیٹلائٹ ڈیٹا اور انٹیلیجنس معلومات کے ذریعے نقصان کا دائرہ جانچنے کی کوشش جا رہی ہے۔
یہ پیشرفت بھارت کے عسکری دعوؤں، خصوصاً رافیل طیاروں کی ناقابل شکست برتری، پر بڑا سوالیہ نشان کھڑا کرتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی پاکستان کی دفاعی صلاحیت اور حکمت عملی کو عالمی سطح پر بھرپور توجہ حاصل ہو رہی ہے۔
عالمی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے بعد جنوبی ایشیا میں طاقت کے توازن اور امن و استحکام کے امکانات پر بھی ازسرِ نو غور کیا جائے گا۔