پنجاب: کیمبرج اور تعلیمی بورڈ کے امتحانات منسوخ

0 minutes, 0 seconds Read

پاک بھارت کشیدگی کے باعث لاہور میں تعلیمی سرگرمیاں شدید متاثر ہو گئی ہیں۔ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کیمبرج انٹرنیشنل اور برٹش کونسل کے تحت آج ہونے والے تمام امتحانات منسوخ کر دیے گئے ہیں۔ یہ فیصلہ حکام سے مشاورت کے بعد کیا گیا۔

منسوخ ہونے والے امتحانات میں کیمبرج او لیول، آئی جی سی ایس ای، انٹرنیشنل اے ایس اور اے لیول کے پرچے شامل ہیں۔کیمبرج اور برٹش کونسل حکام نے کہا ہے کہ پیر کو ہونے والے امتحانات کے بارے میں فیصلہ 11 مئی کی شام تک کر لیا جائے گا اور طلبا کو بروقت آگاہ کیا جائے گا۔ کیمبرج کے مطابق اگر کسی قسم کی تبدیلی ہوئی تو اس کی اطلاع فوری دی جائے گی۔

اس کے ساتھ محکمہ تعلیم پنجاب نے بھی آج کے دن شیڈول تمام تعلیمی اداروں کے امتحانات ملتوی کر دیے ہیں۔ مختلف تعلیمی ادارے اپنے طلبا کو ملتوی ہونے والے امتحانات سے متعلق آگاہ کر رہے ہیں۔

ترجمان کے مطابق انٹرمیڈیٹ کے ترجمہ القرآن اور ایتھکس کے پرچے ملتوی کر دیے گئے ہیں جبکہ میٹرک کے کمپیوٹر اور بیالوجی کے پریکٹیکلز بھی مؤخر کر دیے گئے ہیں۔ امتحانات کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

پنجاب کے بعد وفاق میں بھی تعلیمی ادارے 2 دن بند رکھنے کا فیصلہ

امتحانات کی منسوخی اور تعلیمی اداروں کی بندش کا فیصلہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر مسلط کی گئی حالیہ کشیدگی کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر آج اور کل تمام تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کے احکامات بھی جاری کیے جا چکے ہیں۔

متعلقہ تعلیمی ادارے ملتوی ہونے والے امتحانات کی نئی تاریخیں طے کر کے طلبا کو مطلع کریں گے۔

Similar Posts