اینٹی کرپشن بلوچستان نے غیر قانونی ہاوسنگ اسکیموں کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا، زمینوں پر غیر قانونی قبضے جعلی الاٹمنٹ اور دھوکہ دہی پر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ بلوچستان نے غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیموں کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا۔
اینٹی کرپشن حکام کے مطابق آشیانہ ہاؤسنگ نامی نجی اسکیم سے متعلق 300 سے زائد شکایات موصول ہوئی ہیں، شکایات میں فراڈ، جعلی الاٹمنٹ، غیر قانونی قبضے اور دھوکہ دہی کے الزامات لگائے گئے ہیں۔
ڈی جی اینٹی کرپشن عبدالواحد کاکڑ کی ہدایت پر تحقیقات جاری ہیں، متعدد مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان عبدالغنی اور عبدالہادی نے جعل سازی سے کروڑوں روپے بٹورے، کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ زین کاسی کو گرفتار کر لیا ہے۔
ابتدائی تحقیقات میں مزید غیر قانونی اسکیموں کی نشاندہی ہوگئی ہے جسے مد نظر رکھتے ہوئے کارروائی کا دائرہ کار وسیع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اینٹی کرپشن کے حکام نے ہدایت کی ہے عوام غیر رجسٹرڈ ہاؤسنگ اسکیموں میں سرمایہ کاری سے گریز کریں،غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیموں میں ملوث تمام عناصر کو قانون کے شکنجے میں لایا جائے گا۔