پاک بھارت کشیدگی کے باعث انڈین پریمئیر لیگ 2025 (آئی پی ایل) کو گزشتہ روز منسوخ کیا گیا جس کے بعد اب اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ لیگ کو بڑے مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) کے ایک میچ کی منسوخی کے باعث بھارتی بورڈ کو ٹیلی وژن رائٹس، اسپانسرشپ، ٹکٹ فروخت مد میں فی میچ 125 کروڑ روپے کا بھاری نقصان برداشت کرنا پڑرہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق صرف 4 میچز کی منسوخی کے باعث آئی پی ایل کو 500 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑا ہے جبکہ ٹورنامنٹ مکمل طور پر ختم ہوا تو 3 ہزار کروڑ سے زائد کا نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔
پاک بھارت کشیدگی، پاک بنگلہ دیش ٹی 20 سیریز ملتوی ہونے کا امکان
رپورٹس کے مطابق فرنچائز مالکان بھارتی خسارے سے پریشان ہیں جبکہ اسپانسرز معاہدے ختم کرسکتے ہیں۔
قبل ازیں بھارت کو پاکستان کے خلاف جارحیت کے بعد ناکامی کا منہ دیکھنے کے نتیجے میں نہ صرف عالمی سطح پر بلکہ اندرونی طور پر بھی شدید دباؤ کا سامنا ہے، جس کے بعد مودی سرکار اپنی ناکامیاں چھپانے کے لیے آئی پی ایل ملتوی کرنے سمیت دیگر پسپائی کے فیصلے کرنے پر مجبور ہوئی۔
دوسری جانب گزشتہ روز آئی پی ایل میچ کے دوران میچ رکوا کر شائقین کرکٹ کو اسٹیڈیم سے باہر نکال دیا تھا جس کے بعد کھلاڑیوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔
واضح رہے کہ حکومت کی ہدایت پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10 ویں سیزن کے باقی میچز ملتوی کر دیے۔
پی سی بی کی جانب سے اس فیصلے کا اعلان گزشتہ 24 گھنٹوں میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بڑھتی ہوئی کشیدگی کے بعد کیا گیا۔