وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ہم نے نئی دہلی میں پہنچ کر صرف ایک پیغام دیا ہے، ہم نے پیغام دیا کہ نئی دہلی میں کچھ ڈیلیور بھی کر سکتے ہیں، ہمارے کنٹرولڈ ردعمل سے جنگ بندی کی راہ ہموار ہوئی، جو بات چیت ہوگی، اللہ کرے اس سے راستے نکلیں، بھارت اور پاکستان خود 2 ارب افراد کی مارکیٹ ہیں، ہم آپس میں ہی تجارت کریں تو باہر نہیں جانا پڑے گا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے دوران نئی دہلی پہنچ کر صرف ایک پیغام دیا، ہم نئی دہلی میں کچھ ڈیلیور کر سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا ”کنٹرولڈ ردعمل“ تھا، جس کے باعث جنگ بندی کی راہ ہموار ہوئی اور دونوں ممالک کے درمیان تنازعہ میں کمی آئی۔ خواجہ آصف نے کہا کہ ”جو بات چیت ہوگی، اللہ کرے اس سے راستے نکلیں“۔
وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان بات چیت کے ذریعے صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے تیار ہے اور
بھارت اور پاکستان خود 2 ارب افراد کی مارکیٹ ہیں، ساتھ میں ڈیڑھ ارب کی چین کی مارکیٹ بیٹھی ہے، ہم آپس میں ہی تجارت کریں تو باہر نہیں جانا پڑے گا۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ساری دنیا کہہ رہی ہے بھارتی ملٹری کا اندازہ غلط نکلا، بھارتی سفارتی تجزیے اور اندازے بھی غلط نکلے، ہم پر کسی ملک نے دباؤ نہیں ڈالا، بلکہ تمام ممالک نے پاکستان کو کہا کہ ”آپ ٹھیک ہیں، کوئی راستہ نکالیں“۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان نے اپنے آپ کو جدید جنگی سازوسامان والے ممالک میں شمار کر لیا ہے۔