آپریشن بنیان مرصوص میں پاک بحریہ کا شاندار کردار، بھارتی بحریہ دفاعی پوزیشن پر مجبور

0 minutes, 0 seconds Read

آپریشن بنیان مرصوص کے دوران پاک بحریہ نے انتہائی مؤثر اور پیشہ ورانہ حکمت عملی کے تحت دشمن کے عزائم ناکام بنا دیے، جس کے نتیجے میں بھارتی بحریہ اپنے ہی پانیوں تک محدود ہو کر رہ گئی۔ ذرائع کے مطابق پاک بحریہ کی جنوبی محاذ پر بر وقت اور جارحانہ موجودگی کے باعث بھارتی بحریہ کو پاکستان کی سمندری حدود میں کسی قسم کی پیش قدمی کی جرات نہ ہو سکی۔

رپورٹ کے مطابق بھارتی بحریہ کا کوئی بھی جنگی جہاز یا فضائی پلیٹ فارم پاکستان کی سمت پیش قدمی نہ کر سکا، جبکہ پاک بحریہ کی جانب سے کیے گئے دفاعی اقدامات کے باعث بھارتی ایئرکرافٹ کیریئر ”وکرانت“ بھی کسی عملی خطرے کا باعث نہ بن سکا۔

آپریشن کے دوران پاک بحریہ نے نہ صرف دشمن کو محدود کر کے رکھا بلکہ پاکستان کے تمام اہم ساحلی مقامات بشمول کراچی بندرگاہ، پورٹ قاسم اور گوادر پورٹ کی حفاظت بھی کامیابی سے یقینی بنائی۔ ان بندرگاہوں پر تجارتی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ نے دشمن کو کسی بھی جارحانہ کارروائی کا موقع دیے بغیر دشمن کی بحری طاقت کو پسپائی پر مجبور کیا، جس کے باعث بھارتی بحریہ کو شدید شرمندگی اور ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ مسلح افواج کی ہم آہنگی سے جنوب میں تمام مقررہ اہداف کامیابی سے حاصل کیے گئے۔

Similar Posts