بھارت کی جانب سے کشمیر کو بھارت کا اندرونی معاملہ اور پاک بھارت کا باہمی مسئلہ قرار دیے جانے کی کوششیں ناکام ہو گئیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حالیہ پاک بھارت جنگ بندی کا اعلان کرتے ہوئے اپنے بیان میں مسئلہ کشمیر کا تذکرہ بھی کیا۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ میں پاکستان اور بھارت کے ساتھ مل کر دیکھوں گا کہ کیا کشمیر کے پرانے مسئلے کا کوئی حل نکل سکتا ہے؟
سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکی صدر کا حالیہ بیان پاکستان کی سفارتی سطح پر بڑی کامیابی ہے، امریکی صدر کے بیان کے بعد کشمیر کا معاملہ پھر سے عالمی توجہ کا مرکز بن گیا ہے اور اس کو اجاگر کرنا پاکستان کے لیے اہم پیشرفت ہے۔
سیاسی ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ امریکی صدر کا بیان پاکستان کے مؤقف کی بڑی جیت ہے اور جنگ بندی کے باوجود پاکستان کا مؤقف واضح ہے کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔