سانحہ 12 مئی جمہوریت کے لیے دی گئی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، بلاول بھٹو زرداری

0 minutes, 0 seconds Read

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ 12 مئی 2007 کی برسی کے موقع پر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کی سڑکوں پر بہایا گیا خون رائیگاں نہیں گیا، بلکہ وہ آج ظلم کے خلاف مزاحمت کی ایک توانا علامت بن چکا ہے۔

اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سانحہ 12 مئی ہماری قومی تاریخ کا ایک سیاہ دن ہے، جس روز انسانی جان کی حرمت پامال اور جمہوری اقدار کو دن دہاڑے روندا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہمیں جمہوریت عظیم قربانیوں کے بعد ملی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ کراچی کے عوام، وکلاء، سیاسی کارکنان اور سول سوسائٹی نے آئین کی سربلندی اور عدلیہ کی آزادی کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔ درجنوں بے گناہ شہریوں کو بے رحمی سے شہید اور سینکڑوں کو زخمی کیا گیا صرف اس لیے کہ وہ جمہوریت، آئین اور عدلیہ کے ساتھ کھڑے تھے۔

پی پی پی چیئرمین نے واضح کیا کہ اگر پاکستان نے آگے بڑھنا ہے تو ہمیں ایسے المناک سانحات کو دہرانے سے روکنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی شہداء کے خاندانوں کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے اور اس جدوجہد کا حصہ رہے گی۔

سانحہ 12 مئی کیس: سابق میئر کراچی وسیم اختر بری

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ ہم سانحہ 12 مئی کے شہداء کو نہیں بھولے، نہ ہی قوم نے فراموش کیا ہے، اور ہماری آنے والی نسلیں بھی اس المناک دن کے مجرموں کی ہمیشہ مذمت کرتی رہیں گی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آمریت اور تشدد کا سامنا کیا ہے اور قربانیوں کی طویل تاریخ اس کی گواہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کا دن ان عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرنے کا دن ہے۔

واضح رہے کہ 12 مئی 2007 کو سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کی کراچی آمد پر فائرنگ کے واقعات رونما ہوئے تھے۔ فائرنگ سے جاں بحق 50 سے زائد شہریوں کے اہلخانہ آج بھی انصاف کے منتظر ہیں۔

Similar Posts