امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کو مشورہ دیا ہے کہ وہ جھگڑا چھوڑ کر تجارت کریں، وہ نیوکلیئر میزائلوں کی ٹریڈ کے بجائے وہ ٹریڈ کریں جو ان کو خوبصورت بنائے، دونوں ملکوں کی لڑائی ہوتی تو لاکھوں افراد ہلاک ہوجاتے، بڑھتے ہوئے تنازع کو رکوادیا۔
سعودی عرب امریکا انویسٹمنٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ کچھ روز قبل ہم نے پاکستان اور بھارت کی لڑائی ختم کرائی، میں نے کہا دوستوں آؤ ایک ڈیل کرتے ہیں، پاکستان اور بھارت سے کہا آؤ تجارت کرتے ہیں، میں نے کہا نیوکلیر میزائلوں کی تجارت نہیں بلکہ ان خوبصورت چیزوں کی تجارت جو آپ بناتے ہو۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے سربراہ طاقتور اور اسمارٹ ہیں اور پھر یہ دونوں رک گئے، مجھے مارکو روبیو پر بھی بہت فخر ہے، مارکو روبیو نے لڑائی رکوانے میں بہت محنت کی، شاید ہم انہیں ایک ڈنر پر اکھٹا بھی کردیں، اس لڑائی سے لاکھوں افراد ہلاک ہوجاتے، پاک بھارت تنازع ہر روز بڑھتا ہی جارہا تھا لیکن ہم نے اسے رکوا دیا۔
امریکی صدر نے کہا کہ کوئی اتنا اچھا جنگی سازوسامان نہیں بناتا جو ہم بناتے ہیں، ہم بہترین میزائل، بہترین راکٹس اور بہترین سب مرین بناتے ہیں، سعودی دوستوں نے 142 ارب ڈالرز کا امریکی اسلحہ خریدا ہے، انہوں نے ایمازون، اے ایم ڈی، اوبر اور متعدد دیگر کمپنیز سے معاہدے کیے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ چند ماہ قبل یہ بزنس مین مجھے دیکھ کر خوش نہیں تھے، اب یہی لوگ کہہ رہے ہیں آپ نے بڑا اچھا کام کیا ہے، دولت کمانے اور مستقل کو سنہری بنانے کے لیے امریکا سے اچھی جگہ کوئی نہیں، محمد بن سلمان آپ کو رات نیند کیسے آئے ہوگی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ سعودی عرب اب وہ نہیں جو 8 سال قبل تھا، شاہ سلمان اور شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں بڑی تبدیلی آئی، میں نے سعودی عرب میں ایسی تبدیلی کبھی نہیں دیکھی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سعودی عرب میں جدید تعمیرات اور اونچی عمارتوں سے بھی متاثر ہوئے۔