بھارت نے پہلگام واقعے کی تحقیقات مکمل ہوئے بغیر ہی پاکستان پر حملہ کر کے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے، اس بات کا شرمناک اعتراف آج اُس وقت ہوا جب بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال پریس کانفرنس کررہے تھے۔
بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال سے صحافی نے پہلگام واقعے کی تحقیقات سے متعلق سوال کیا جس پر اُن کا جواب تھا کہ 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے حملے کی تحقیقات تاحال جاری ہیں اور ابھی تک کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچا گیا۔
رندھیر جیسوال نے کہا کہ تحقیقات مکمل کرنے اور کسی نتیجے پر پہنچنے کے بغیر بھارت نے 6 سے 10 مئی کے درمیان پاکستان کی فضائی حدود میں درجنوں سپرسونک میزائل اور عسکری ڈرونز فائر کیے اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا جو کہ بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی واضح خلاف ورزی ہے۔
پاک فوج کے ترجمان کی جانب سے آج منگل کو جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ آپریشن کے دوران معصوم بچوں، بزرگوں اور خواتین سمیت 40 بے گناہ شہری شہید جبکہ 11 جوانوں نے بھی مادر وطن کا دفاع کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔