پاکستان میں تیل اور گیس کے نئے ذخائر کی دریافت کے لیے بلوچستان، سندھ اور پنجاب میں بڑے پیمانے پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت مجموعی طور پر 10 بلاکس سے قدرتی ذخائر کی تلاش کی جائے گی، جن میں سے آٹھ بلاکس بلوچستان میں، جبکہ ایک ایک بلاک پنجاب اور سندھ میں واقع ہے۔
قدرتی ذخائر بلاکس کی ورکنگ تفصیلات پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی انتظامیہ کو ارسال کر دی گئی ہیں، جن کے مطابق ان علاقوں میں موجود بلاکس سے کثیر مقدار میں تیل و گیس کے ذخائر دریافت ہونے کی امید ہے۔
اس منصوبے کے لیے ماڑی انرجیز، او جی ڈی سی ایل، ترکش پیٹرولیم اور گورنمنٹ ہولڈنگ لمیٹڈ کے درمیان مشترکہ معاہدہ طے پا چکا ہے۔ حکومت پاکستان نے تمام شراکت دار کمپنیوں کو نئے قدرتی ذخائر کی تلاش کے لیے باقاعدہ لائسنس جاری کر دیے ہیں۔
معیشت کے لیے خوشخبری: سجاول سے گیس کے ذخائر دریافت
ذرائع کے مطابق اس اہم اقدام سے نہ صرف ملکی توانائی کے بحران میں کمی آئے گی بلکہ معاشی بہتری اور بیرونی سرمایہ کاری کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں تیزی سے سروے اور ابتدائی کھدائی کا عمل جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ کامیاب دریافت کی صورت میں یہ ذخائر آئندہ برسوں میں پاکستان کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔