پی ایس ایل 10 میں کتنے غیرملکی کھلاڑیوں نے اپنی دستیابی ظاہر کردی، اہم خبر آگئی

0 minutes, 0 seconds Read

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے بقیہ میچز کے لیے 4 غیرملکی کھلاڑیوں ڈیوڈ وارنر، ایلکس ہیلز، کوشل مینڈس اور رسی وین ڈر ڈیوسن نے شرکت کی تصدیق کردی جبکہ کئی مزید نامور کھلاڑیوں کے ان ایکشن دکھائی دینے کا امکان ہے۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10 ویں ایڈیشن کے بقیہ میچز کے لیے غیر ملکی کھلاڑیوں کا دوبارہ ٹیموں کو جوائن کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

پی ایس ایل 10 کے باقی میچز میں کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کوشل مینڈس، اسلام آباد یونائیٹڈ کے ایلکس ہیلز اور رسی وین ڈر ڈیوسن شرکت کریں گے۔

انگلینڈ کے جارحانہ بیٹسمین ایلکس ہیلز اسلام آباد یونائٹیڈ کا دوبارہ حصہ بن گئے، وہ پہلے بھی اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرچکے ہیں جبکہ جنوبی افریقی بیٹر بھی اسلام آباد کی ٹیم میں شامل ہیں۔

ترجمان اسلام آباد یونائیٹڈ کا کہنا ہےکہ ہم بہت پرجوش ہیں کہ راسی وین ڈر ڈیوسن ٹیم کو جوائن کررہے ہیں، مینجمنٹ دونوں کھلاڑیوں کو پی ایس ایل میں خوش آمدید کہتی ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں الیکس ہیلز کا کہنا تھا کہ ذاتی مصروفیات کی وجہ سے پی ایس ایل کے ابتدائی میچز میں شرکت نہیں کرسکا تھا لیکن بقیہ میچز کے لیے پاکستان آؤں گا۔

ذرائع کے مطابق کئی اہم غیرملکی کھلاڑیوں نے اپنی دستیابی ظاہر کردی، اس سے قبل، ڈیوڈ وارنر ، بین میک ڈرموٹ، جیمز ونس، سکندر رضا، لیوک ووڈ ، ٹام کوہلر کیڈ مور، میکس برائنٹ، نجیب اللہ زدران، کوشل مینڈس بھی پی ایس ایل کے بقیہ میچز کے لیے پاکستان آنے کی ہامی بھرچکے ہیں۔

اس کے علاوہ لوک ووڈ، میکس برانٹ اور ٹام کوہلر کیڈمور اپنے بورڈز سے اجازت کے منتظر ہیں جبکہ کولن منرو، رائلی روسو اور سیم بلنگز سمیت دیگر نامور کھلاڑیوں کا بھی اپنی اپنی ٹیموں کو جوائن کرنے کا قوی امکان ہے۔

دوسری جانب، پاکستان سپر لیگ کے بقیہ میچز کے ٹکٹوں کی فروخت شروع ہوگئی ہے، ٹکٹس نجی کوریئر کمپنی کی ویب سائٹ اور سینٹرز سے خریدے جاسکتے ہیں۔

راولپنڈی میں شیڈول میچز کے ٹکٹوں کی قیمتیں 650 روپے سے 3 ہزار روپے تک رکھی گئی ہیں جب کہ کوالیفائر، ایلیمینیٹرز کے ٹکٹوں کی قیمتیں ایک ہزار روپے سے 6 ہزار 500 روپے تک رکھی گئی ہیں اور فائنل کے ٹکٹ کی کم سے کم قیمت 1500 روپے اور زیادہ سے زیادہ 10ہزار روپے ہوگی۔

Similar Posts