پاکستان نے سندھ طاس معاہدہ معطلی پر بھارت کو خط لکھ دیا

0 minutes, 0 seconds Read

پاکستان نے سندھ طاس معاہدہ معطلی پر بھارت کو خط لکھ دیا، پاکستان کی جانب سے خط میں سندھ طاس معاہدے کی معطلی کو غیر قانونی قرار دیا گیا۔

پاکستان نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی پر شدید ردعمل دیتے ہوئے باضابطہ طور پر احتجاجی خط بھارت کو ارسال کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، یہ خط سیکرٹری آبی وسائل سید علی مرتضیٰ کی جانب سے بھارتی ہم منصب کو لکھا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے خط میں سندھ طاس معاہدے کی معطلی کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے مؤقف اپنایا ہے کہ معاہدے میں یکطرفہ معطلی کی کوئی شق موجود نہیں۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ معاہدے میں استعمال کیے گئے الفاظ میں بھی ”معطلی“ جیسا کوئی تصور موجود نہیں ہے۔

پاکستان نے اپنے خط میں واضح کیا ہے کہ وہ سندھ طاس معاہدے کو اس کی اصل شکل میں قائم و دائم تصور کرتا ہے اور اس میں کسی بھی قسم کی یکطرفہ چھیڑ چھاڑ کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

واضح رہے کہ سندھ طاس معاہدہ 1960 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان عالمی ثالثی کی زیر نگرانی طے پایا تھا، جس کے تحت دونوں ممالک کے درمیان دریاؤں کے پانی کی تقسیم کا نظام قائم کیا گیا تھا۔

Similar Posts