وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے امریکا کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر نے اہم ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک امریکہ تعلقات اور دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خطے کو ہولناک تباہی سے بچا کر انسانیت کی خدمت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جمعے کے روز وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکا کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر نے اہم ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک امریکا تعلقات اور دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں پاک بھارت جنگ بندی کے بعد کی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے پاک بھارت جنگ بندی میں کلیدی کردار پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور سفیر کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ 2 ایٹمی طاقتوں کے درمیان سیز فائر کا کریڈٹ امریکی صدر کو جاتا ہے، ڈونلڈ ٹرمپ نے خطے کو ہولناک تباہی سے بچا کر انسانیت کی خدمت کی ہے، پاکستان کی قیادت کے بارے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مثبت خیالات کا خیر مقدم کرتے ہیں، امریکا کے ساتھ باہمی تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔
قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں، امریکا مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔