ہفتے وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 1.03 فیصد کا بڑا اضافہ ہوا تاہم مہنگائی بڑھنے کی شرح بھی منفی سے مثبت ہو کر 1.29 فیصد کی سطح پر آ گئی۔
ادارہ شماریات نے ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کے اعداد و شمار جاری کر دیے، جس کے مطابق مہنگائی کی مجموعی شرح میں 1.03 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق مہنگائی کی رفتار منفی سے مثبت ہو کر 1.29 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔
ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران 18 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ، 12 اشیاء کی قیمتوں میں کمی جبکہ 21 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
اعداد و شمار کے مطابق، زندہ مرغی کی قیمت میں 69 روپے فی کلو اضافہ ہوا، جو 434 روپے سے بڑھ کر 503 روپے فی کلو تک جا پہنچی۔ انڈے فی درجن 22 روپے تک مہنگے ہو گئے۔
رپورٹ کے مطابق چینی کی فی کلو قیمت میں 4 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ گڑ، مٹن، آٹا، دال مسور، دال مونگ، دال ماش اور تازہ دودھ بھی مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔
دوسری جانب، کچھ اشیاء کی قیمتوں میں کمی بھی دیکھی گئی جن میں ٹماٹر کی قیمت میں 2 روپے، لہسن کی فی کلو قیمت میں 13 روپے، پیاز کی قیمت میں 1 روپے کمی ہوئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق آلو، چاول، گھی، اور گھریلو استعمال کا ایل پی جی سلنڈر سستی ہونے والی اشیاء میں شامل رہے۔