بھارت نے پھر آبی جارحیت کی تیاری کر لی۔ پاکستان کو پانی کی سپلائی کم کرنے کے نئے منصوبے بنانے لگا۔ برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز نے مودی کا مکروہ چہرہ بے نقاب کر دیا۔ لکھا کہ دریائے چناب پر نہر کو وسعت دینے پرغور کیا جا رہا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق بھارت پاکستان کو پانی کی سپلائی کم کرنے کیلئے نئے منصوبوں پرغورکر رہا ہے۔ بھارت پاکستان کیلئے مختص دریائے چناب پر نہر کو وسعت دینے کے منصوبے پر غور کر رہا ہے، اس منصوبے سے بھارت پاکستان کی جانب پانی کے بہاؤ کو کم کرسکتا ہے۔
رائٹرز کے مطابق بھارت کی جانب سے ان کارروائیوں کا مقصد اپریل میں ہونے والے حملے کے بدلے کی کارروائی کے طور پر ہے۔ نئی دہلی نے انڈس واٹر ٹریٹی 1960 میں شامل ہونے کی اپنی شرکت عارضی طور پر معطل کر دی تھی، جس کے بعد بھارتی حکومت نے چناب، جہلم اور انڈس دریا کے منصوبوں پر کام تیز کر دیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کا کہنا ہے ایک اہم منصوبہ چناب کے رنبر کینال کی لمبائی 120 کلومیٹر تک بڑھانے کا ہے، جو پاکستان کی زرعی زمینوں کو پانی فراہم کرتا ہے۔ اگر یہ منصوبہ مکمل ہو گیا تو بھارت پاکستان کے لیے پانی کی فراہمی میں نمایاں کمی کر سکتا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق پاکستان نے اس قدم کو جنگی اقدام قرار دیا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ ایسا کرنا بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ بھارت کی جانب سے پاکستان کو پانی کی فراہمی میں کمی کیلئے دریائے چناب پر رنبر کینال کی توسیع کے علاوہ دیگر منصوبوں پر بھی غور کر رہا ہے۔