امریکی محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی (DHS) نے تصدیق کی ہے کہ وہ ایک ایسے ریئلٹی شو بنانے پر غور کر رہا ہے جس میں تارکین وطن امریکی شہریت کے لیے مقابلہ کریں گے۔
ڈیپارٹمنٹ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ تجویز نہ تو منظور ہوئی ہے اور نہ ہی مسترد کی گئی ہے بلکہ ہر تجویز کو مکمل جانچ پڑتال کے بعد ہی قبول یا مسترد کیا جاتا ہے۔
ڈیپارٹمنٹ کی اسسٹنٹ سیکریٹری برائے عوامی امور ٹریشیا میکلاگلن نے کہا، ’ہمیں اس ملک میں حب الوطنی اور شہری ذمے داری کو دوبارہ زندہ کرنے کی ضرورت ہے اور ہم منفرد اور ہٹ کر دی جانے والی تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہیں۔‘
ٹرمپ کا پاک بھارت کشیدگی پر نیا بیان متنازع بن گیا: ”این ورڈ“ سے کیا مراد ہے؟
امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق یہ شو کینیڈین نژاد امریکی روب وورسوف نے پیش کیا ہے۔ اس شو میں تارکین وطن مختلف چیلنجز میں حصہ لے کر یہ ثابت کریں گے کہ وہ سب سے زیادہ ”امریکی“ ہیں۔
وورسوف نے کہا، ’یہ تارکین وطن کے لیے کوئی ”ہنگر گیمز“ نہیں ہے۔‘ (ہنگر گیمز ایک ڈسٹوپین ناول اور فلم ہے جس میں بچوں کو زندہ رہنے کے لیے ایک دوسرے کو مارنا پڑتا ہے۔)
انہوں نے مزید کہا، ’یہ ایسا نہیں ہے کہ اگر کوئی ہار جائے تو اسے کشتی میں بٹھا کر ملک بدر کر دیا جائے گا۔‘
امریکی صدر نے غزہ بحران کو سنگین مسئلہ قرار دے دیا، 10 لاکھ فلسطینیوں کو لیبیا منتقل کرنے کا منصوبہ
وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق وورسوف کی ٹیم کی جانب سے تیار کردہ 36 صفحات پر مشتمل سلائیڈ پریزنٹیشن کے مطابق ہر قسط ایک گھنٹے پر مبنی ہوگی اور مقابلوں میں حصہ لینے والے مختلف چیلنجز میں حصہ لیں گے۔
مثال کے طور پر ایک چیلنج میں گولڈ رش کی طرز پر کان سے قیمتی دھات نکالنے کا مقابلہ ہوگا، یا ایک ایسا ٹاسک ہوگا جس میں ٹیمیں مل کر ماڈل ٹی گاڑی کا چیسز تیار کریں گی۔
شو کا آغاز ایلس آئی لینڈ سے ہوگا جو تاریخی طور پر امریکہ آنے والے تارکین وطن کا پہلا پڑاؤ تھا اور ہر قسط میں ایک شریک کو مقابلے سے باہر کر دیا جائے گا۔
یہ خبر ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب سابق ریئلٹی شو اسٹار اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے مختلف ممالک کے شہریوں کے لیے ”عارضی تحفظ یافتہ حیثیت“ (TPS) ختم کرنے کے اقدامات کیے ہیں جس کے تحت ان افراد کو ملک بدری سے تحفظ حاصل تھا۔
یاد رہے کہ وفاقی قانون کے تحت حکومت ایسے غیر ملکی شہریوں کو ”ٹی پی ایس“ دے سکتی ہے جو جنگ، قدرتی آفات یا دیگر غیر معمولی حالات کے باعث اپنے وطن واپس نہیں جا سکتے۔
بغل میں چھری منہ پر رام رام: قاتل بھارت کا ایک اور مکروہ عمل بے نقاب
ٹرمپ انتظامیہ نے افغانستان، ہیٹی، اور وینزویلا جیسے ممالک کے شہریوں کی ٹی پی ایس حیثیت ختم کرنے کی کوشش کی ہے جو وسیع تر امیگریشن سختیوں کا حصہ ہے جس میں ڈی ایچ ایس کے ذریعے چھاپے، گرفتاریاں اور ملک بدری شامل ہیں۔