مودی سرکار سیز فائر توڑنا چاہتی ہے، پاکستان مسئلہ کشمیر کا پرامن حل چاہتا ہے، حامد میر

0 minutes, 0 seconds Read

سینئر صحافی حامد میر نے کہا ہے کہ پاکستان کبھی سیز فائر کی خلاف ورزی نہیں کرے گا کیونکہ وہ مسئلہ کشمیر کو پرامن اور بامعنی مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے۔ تاہم مودی حکومت کے سیاسی عزائم سیز فائر کے خلاف ہیں اور وہ موقع ملنے پر اسے توڑنے کی کوشش کرے گی۔

آج نیوز کے پروگرام ”روبرو“ میں میزبان شوکت پراچہ کے مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے حامد میر نے اپنی گفتگو میں کہا کہ بھارت کی سیاست اور اس کا میڈیا بالی ووڈ سے متاثر ہے، جو ہر چیز کو ایک فلمی اسکرپٹ کی طرح دکھاتا ہے۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے حالیہ بیانات اور برطانوی وزیر خارجہ کی پاکستان آمد اس بات کی نشاندہی ہے کہ عالمی سطح پر سیز فائر کے ختم ہونے کا خدشہ موجود ہے۔

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی نے کہا کہ مجھے یقین ہے پاکستان کبھی سیز فائر نہیں توڑے گا۔ پاکستان میننگ فل ڈائیلاگ کے ذریعے مسئلہ کشمیر حل کرنا چاہتا ہے لیکن یہ مودی کے وارے میں نہیں ہے کیونکہ ان کی پارٹی اس خطے میں اکھنڈ بھارت بنانا چاہتی ہے اور انھوں نے اسے اپنی پارلیمنٹ میں آویزاں کر رکھا ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ مودی حکومت اسپانسرڈ ٹیررازم کے ذریعے اکھنڈ بھارت کا خواب دیکھ رہی ہے اور سیز فائر اس راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔’

1957 سے جاری امریکی ثالثی اور انڈس واٹر معاہدہ کا پس منظر

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش سے متعلق سوال پر حامد میر نے کہا کہ وہ اگرچہ امریکی پالیسیوں، خاص طور پر فلسطینیوں کے معاملے پر ٹرمپ کے سخت ناقد ہیں، لیکن کشمیر پر ان کی ثالثی اور سیز فائر کے کردار سے انکار ممکن نہیں۔

انھوں نے کہا، امریکہ 1957 سے پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرتا آ رہا ہے۔ انڈس واٹر معاہدہ جو 1960 میں ہوا، وہ 1957 میں ہونے والے ایک ایگریمنٹ کا نتیجہ تھا۔ اس وقت کے امریکی صدر روز ویلٹ اور پاکستانی وزیراعظم حسین شہید سہروردی کے درمیان ایک مشترکہ اعلامیہ 13 جولائی 1957 کو جاری ہوا، جو آج بھی یو ایس گورنمنٹ کے اسٹیٹ آف آرکائیو میں موجود ہے۔

حامد میر نے بتایا کہ اس مشترکہ بیان میں نہ صرف انڈس واٹر کا ذکر ہے بلکہ مسئلہ کشمیر کا بھی تذکرہ موجود ہے، اور واضح طور پر لکھا گیا ہے کہ انڈس واٹر کا معاہدہ ورلڈ بینک کروائے گا۔

انھوں نے کہا کہ جب بھی امریکہ نے پاک بھارت کے درمیان ثالثی کی کوشش کی، اس کا فائدہ بھارت نے اٹھایا۔ 1962 میں جب چین اور بھارت کی جنگ ہوئی، چین نے کہا کہ پاکستان کشمیر پر قبضہ کر لے، لیکن امریکی صدر جان ایف کینیڈی نے پاکستان سے درخواست کی کہ وہ جنگ میں حصہ نہ لے، اور بدلے میں مسئلہ کشمیر حل کرایا جائے گا، مگر کچھ بھی نہ ہوا۔

بھارتی میڈیا جھوٹ کا آئینہ، پاکستانی میڈیا پیشہ ورانہ حدود میں

حامد میر نے بھارتی میڈیا کے کردار پر تنقید کرتے ہوئے کہا، میڈیا کسی بھی معاشرے کا آئینہ ہوتا ہے۔ جو کچھ انڈین میڈیا میں نظر آتا ہے، جھوٹ، افواہیں، تکبر اور رعونت، وہ سب بھارتی معاشرے کا عکس ہے۔ میں تمام بھارتی میڈیا کی بات نہیں کر رہا، کچھ اچھے لوگ بھی ہیں جنھوں نے مودی کی اینٹی پاکستان پالیسی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

پروگرام کے دوران انہوں نے ایک واقعہ کا ذکر کیا کہ 9 اور 10 مئی کی درمیانی رات بھارتی صحافیوں نے انھیں فون کر کے پوچھا کہ وہ زندہ ہیں یا نہیں، کیونکہ انڈین چینلز پر یہ بریکنگ چل رہی تھی کہ بھارتی فوج اسلام آباد میں داخل ہو گئی ہے، وزیراعظم شہباز شریف گرفتار ہو چکے ہیں اور جنرل عاصم منیر چین بھاگ گئے ہیں۔ میں نے اپنے نیوز روم فون کیا تو اسائنمنٹ ایڈیٹر ہنسنے لگا، کہا کہ آپ نے انڈین چینل تو نہیں دیکھ لیا؟ کیونکہ ان کے مطابق تو پاکستان ختم ہو چکا ہے۔

ارنب گوسوامی سے متعلق انھوں نے کہا، میرے ان سے ذاتی کوئی لڑائی نہیں۔ وہ کبھی ایک پروفیشنل صحافی تھے، لیکن اب وہ بی جے پی کے ترجمان بن چکے ہیں۔ ان کے چینل کو بی جے پی رہنما راجیو شیکھران فنڈ کرتے ہیں۔

برکھا دت سے تعلقات، سرویل کیس، اور صحافت کی جنگ

برکھا دت کے ساتھ ماضی کے تعلقات پر بات کرتے ہوئے حامد میر نے کہا کہ آگرہ مذاکرات کے دوران ان کا ردعمل نان پروفیشنل تھا، لیکن بعد میں ان کے تعلقات بہتر ہو گئے۔ نواز شریف کے دور میں وہ پاکستان آئیں، لاہور میں نواز شریف کا انٹرویو کیا اور واپس چلی گئیں۔

حامد میر نے کہا کہ جب انھوں نے جھوٹا دعویٰ کیا کہ پاکستانی پائلٹ گرفتار ہوا ہے اور اس کی تصویر بھی جاری کریں گی، تو میں نے اس خبر کی تردید کی۔ میں نے ان کا نام نہیں لیا تھا، لیکن انھوں نے میرے خلاف نازیبا باتیں کرنا شروع کیں۔ ان پر جو ردعمل آیا وہ راجدیپ سردیسائی جیسے ذمہ دار بھارتی صحافیوں کی طرف سے آیا، جنھوں نے فیک نیوز کی مذمت کی۔

پاکستانی میڈیا کی آزادی پر بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا، بھارتی میڈیا کو پاکستانی میڈیا سے سیکھنا چاہیے۔ ہم حکومتوں پر تنقید بھی کرتے ہیں، جب وہ اچھا کام کریں تو تعریف بھی کرتے ہیں۔ ہم پر پیکا لا نافذ کیا گیا، ہم عدالت گئے، مظاہرے کیے، لیکن صحافت سے پیچھے نہیں ہٹے۔

انہوں نے کہا کہ عرفان صدیقی جو پیکا لا کا دفاع کر رہے تھے، آج وہی پاکستانی میڈیا کی تعریف کر رہے ہیں۔ یہ ہمارا کردار ہے۔ ہم نہ حکومت کے حامی ہیں نہ مخالف، ہم صرف صحافت کرتے ہیں۔

حامد میر کا کہنا تھا کہ بھارتی صحافی یوٹیوب پر جھوٹ بول کر ڈالر کماتے ہیں، ہم بھی ایسا کر سکتے ہیں لیکن ہم پیشہ ورانہ اخلاقیات کے دائرے میں رہتے ہیں، یہی ہماری پہچان ہے۔

Similar Posts