بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے گلستان میں دھماکا، 4 افراد جاں بحق

0 minutes, 0 seconds Read

بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے گلستان میں واقع جبار مارکیٹ زور دار دھماکے سے لرز اُٹھی۔ دھماکے کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ آٹھ افراد زخمی ہیں ، زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ دوسری جانب کوئٹہ میں سریاب مل کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔

دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ جبار مارکیٹ کی متعدد دکانیں زمین بوس ہو گئیں جبکہ قریب کھڑی گاڑیاں بھی مکمل طور پر تباہ ہو گئیں۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی، جس کے باعث علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

واقعے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کر لیا اور جائے وقوعہ کو سیل کر کے سرچ اور کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

امدادی ٹیموں نے دھماکے کے زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ تاہم بعض کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔

تاحال دھماکے کی نوعیت اور محرکات کا تعین نہیں ہو سکا۔ تحقیقاتی ادارے جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور شواہد جمع کر کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

کوئٹہ سریاب مل کے قریب فائرنگ، 1 شخص جاں بحق

دوسری جانب کوئٹہ میں سریاب مل کے قریب حجام کی دوکان پر موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے دکان مالک جاں بحق ہو گیا۔ فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔ لاش قانونی کارروائی کے لئے اسپتال منتقل کر دی گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول رحیم یار خان کا رہائشی تھا۔

Similar Posts