اسرائیل کا غزہ پر قبضے کے لیے نیا زمینی آپریشن، شہدا کی تعداد 135 تک پہنچ گئی

0 minutes, 0 seconds Read

اسرائیل نے غزہ پر قبضے اور فلسطینیوں کو بے زمین کرنے کے لیے ایک نیا زمینی فوجی آپریشن شروع کردیا ہے، جس کے نتیجے میں شہدا کی تعداد 135 تک پہنچ گئی ہے۔ اسرائیلی فورسز نے سیف زون المواسی کیمپ کو بھی نشانہ بنایا، جہاں 36 فلسطینی شہید ہوئے۔

عرب میڈیا کی رپورٹس کے مطابق غزہ کے سیف زون المواسی کیمپ پر اسرائیلی حملے میں 36 فلسطینی شہید ہوئے۔ رپورٹس میں بتایا گیا کہ غزہ پرحالیہ اسرائیلی حملوں میں مزید 3 صحافی بھی شہید ہوچکے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ میں7 اکتوبر2023 سے اسرائیلی جارحیت میں ابتک 230 سے زائد صحافی شہید ہوچکے ہیں۔

دوسری جانب وزارت صحت غزہ نے بتایا کہ اسرائیلی افواج کے محاصرے سے شمالی غزہ کا انڈونیشین اسپتال غیر فعال ہو چکا ہے۔ وزارت کے مطابق اب شمالی غزہ کے تمام سرکاری اسپتال غیر فعال ہو چکے ہیں۔

غزہ میں اسرائیل کے وحشیانہ حملوں میں اضافے پر اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے اظہارِ تشویش کیا ہے۔ اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اپنے بیان میں غزہ میں فلسطینیوں کی صورتِ حال کو بیان سے باہر اور غیر انسانی قرار دے دیا۔

انہوں نے کہا ہے کہ محاصرے اور فاقہ کشی کی پالیسی بین الاقوامی قانون کا تمسخر اڑاتی ہے، امداد کی ناکہ بندی فوری ختم کی جائے، یہ آپ کی اخلاقیات اور عمل کی وضاحت کا وقت ہے۔

ادھرعرب لیگ نے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کو مسترد کرتے ہوئے غزہ میں فوری طور پر جنگ روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بغداد میں منعقدہ عرب لیگ کے 34ویں سربراہی اجلاس میں غزہ پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی گئی۔

سربراہی اجلاس میں فلسطینی صدر محمود عباس، امیر قطر شیخ تمیم بن حمدالثانی، مصری صدر عبدالفتاح السیسی، عراقی صدر عبداللطیف راشد، سعودی وزیرِ خارجہ عادل الجبیر اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

غزہ میں جاری انسانی بحران پر دنیا بھر میں ردعمل سامنے آ رہا ہے۔ سوئٹزرلینڈ کے مختلف شہروں میں ہزاروں افراد اسرائیلی مظالم کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے۔ مظاہرین نے فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ اس دوران مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔

دوسری جانب خود اسرائیل میں بھی جنگ بندی اور غزہ میں موجود یرغمالیوں کی رہائی کے حق میں مظاہرے کیے گئے۔

Similar Posts