مورو میں گاڑیاں جلانے کے واقعے پر ٹرانسپورٹرز نے ملک بھر میں مال بردار گاڑیاں کھڑی کردیں، پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز الائنس کے چیئرمین نثار جعفری کا کہنا ہے کہ اگلے لائحہ عمل کا اعلان کل کریں گے۔
پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز نے ملک بھر میں احتجاجاً مال بردار گاڑیاں کھڑی کردیں، یہ فیصلہ سندھ کے شہر مورو میں احتجاج کے دوران گاڑیوں کو نذر آتش کیے جانے کے واقعے کے بعد کیا گیا ہے۔
پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز الائنس کے چیئرمین نثار حسین جعفری کے مطابق ٹرانسپورٹرز نے کینالز کے نام پر جاری مظاہروں کے دوران پیش آنے والے پرتشدد واقعات پر شدید احتجاج کرتے ہوئے ملک گیر سطح پر ٹرانسپورٹ سروس معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کراچی میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو گاڑیاں جن مقامات پر موجود ہیں، انہیں وہیں کھڑی کردی جائیں، نثار حسین جعفری نے بتایا کہ گڈز ٹرانسپورٹرز اتحاد کی جانب سے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کل کیا جائے گا۔
ملک بھر میں اشیائے ضروریہ کی ترسیل متاثر ہونے کے خدشے کے پیش نظر اس احتجاج کو اہم قرار دیا جا رہا ہے جبکہ ٹرانسپورٹرز نے حکومت سے فوری تحفظ فراہم کرنے اور نقصانات کا ازالہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔