پاکستان ریلوے کی جانب سے عیدالاضحیٰ پر 5 خصوصی ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
عید الاضحیٰ کے لیے عید اسپیشل ٹرینوں کا شیڈول جاری کر دیا گیا، وزارتِ ریلوے کے مطابق پاکستان ریلویز کی جانب سے عوام کے لیے اس عید پر 5 اسپیشل ٹرینیں چلائی جائیں گی، پاکستان ریلوے کی جانب سے ٹرینیں 2 جون سے 4 جون کے درمیان مختلف شہروں سے چلائی جائیں گی۔
عید کے موقع پر مسافروں کو زیادہ سہولت اور محفوظ سفر فراہم کیا جائے گا، پہلی اسپیشل ٹرین 2 جون دوپہر 1 بجے کراچی سے لاہور روانہ ہوگی جبکہ دوسری اسپیشل ٹرین 3 جون صبح 10 بجے کوئٹہ سے پشاور روانہ ہوگی اور تیسری اسپیشل ٹرین 3 جون شام 5 بجےلاہور سے براستہ ملتان کراچی روانہ ہوگی۔
وزارتِ ریلوے کے مطابق چوتھی اسپیشل ٹرین 3 جون رات 8 بجے کراچی سے راولپنڈی روانہ ہوگی جبکہ پانچویں اسپیشل ٹرین 4 جون رات 8 بجے کراچی سے لاہور روانہ ہوگی۔
ترجمان کے مطابق تمام ٹرینیں اکانومی، اے سی بزنس اور اے سی اسٹینڈرڈ کلاس پر مشتمل ہوں گی۔
وزیرِ ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، غفلت پر افسران و عملے کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔